سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اوراپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے بہوری کدل میں عام شہری کی ہلاکت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔پنے ٹویٹر ہینڈل پر عمر عبدا ﷲ نے لکھا کہ ‘پائین شہر کے بہوری کدل علاقے میں اور ایک ٹارگیٹ کلنگ کا واقع پیش آیا جس دوران ایک عام شہری کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا‘۔انہوں نے کہا کہ اس انسانیت سوز واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔اس دوران عمرعبداللہ نے بٹہ مالو میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مہذب اقوام میں اس قسم کے واقعات کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے مارے گئے پولیس اہلکار کے کنبے کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے اس واقعہ کو انتہائی دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’ ایسا لگتا ہے کہ وادی میں خونریزی سے لوگوں کو کوئی چھٹکارا نہیں ملا‘۔انہوں نے کہاکہ ’’افسوس کا مقام ہے کہ دوسرے دن کا اختتام بھی اِس ماتم سے ہوا ۔ایک سیلز مین جو اپنے کنبہ کے لئے روزی روٹی کمانے کے لئے محنت کرتا تھا، کونامعلوم مسلح افراد نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ اِس کنبہ کے دکھ وتکلیف کو ہلکا کرنے کے لئے کوئی بھی الفاظ نہیں‘‘۔ اپنی پارٹی صدر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا’’میں مرحوم کی جنت نشینی اور غمزدہ کنبہ کو یہ صدمہ عظیم بردداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کے لئے دعا گو ہوںاور انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ لواحقین کو جلد سے جلد معقول ایکس گریشیا ریلیف دی جائے۔