نئی دہلی// افغانستان پر تیسرے علاقائی سیکورٹی ڈائیلاگ میں آٹھ ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری دہلی اعلامیے میں اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ افغانستان بنیاد پرستی، انتہا پسندی سے مبرا رہے اور کبھی بھی عالمی دہشت گردی کا ذریعہ نہ بن پائے اور افغان معاشرے میں تمام طبقات کو بلا متیاز اور مساوی انسانی امداد مل پائے ۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال کی صدارت میں یہاں ہوئی کثیرالجہتی میٹنگ میں ایران، روس، قازقستان، کرغزستان ، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے قومی سلامتی مشیروں یا سلامتی کونسل کے سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔ ہندوستان کی پہل کے تحت منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں افغانستان بالخصوص وہاں کی سکیورٹی صورتحال اور اس کے علاقائی اور عالمی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تمام فریقین نے اس ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، دہشت گردی سے پیدا شدہ خطرات، بنیاد پرستی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ افغان عوام کے لیے انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔