سرینگر// جموں کشمیر سیکریٹریٹ ماتحت سروس میں آئندہ سال کے دوران دوگزیٹیڈ افسراں سبکدوش ہوںگے،جبکہ جموں کشمیر اسمبلی میں تعینات چوکیدار کو معطل کیا گیاہے۔عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے بدھ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سال2022میں جموں کشمیر سیکریٹریٹ(گزیٹیڈ) خدمات دوئم(پرائیوٹ سیکریٹری کیڈر) میں دو افسراں سبکدوشی کی عمر کو پہنچیں گے۔ ان افسراں میں محکمہ تعلیم میں تعینات وجے کمار کول اور محکمہ مال میں تعینات محمد سمید وانی 31مارچ کو سبکدوش ہوںگے۔ اس دوران جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تعینات چوکیدار سبھاش چندر کو سرکاری احکامات کی عدولی کی پاداش میں معطل کیا گیا اور انہیں معطلی کے دوران شہری ہوا بازی محکمے کے ساتھ منسلک کیا گیا۔انتظامی عمومی محکمہ کی جانب سے بدھ کو جاری ایک اور حکم نامہ میں جموں کشمیر سیکریٹریٹ ماتحت خدمات کے تحت ایک آرڈرلی کو تعینات کیا گیا۔حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی سفارش پر راہل کمار ساکن مایا پور ملپور جموں کو فوری طور پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ راہل کمار کو یہ احکامات جاری کرنے کی تاریخ سے21روز میںمحکمہ عمومی انتظامی کے ایڈیشنل سیکریٹری کے پاس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،جبکہ متنبہ کیا گیا ہے کہ معیاد بند وقت کے اندر اگر مذکورہ شخص رپورٹ کرنے میں ناکام ہوئے تو انہیں تعیناتی کا کوئی بھی حق نہیں ہوگا۔