سرینگر//بی ڈی سی چیئرمین کنزر آفتاب بیگ اپنے حمایتیوں سمیت بدھ کو سابق کابینہ وزیر اور اپنی پارٹی نائب صدر غلام حسن میر کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شامل ہوئے ۔ اُن کی شمولیت سے ٹنگمرگ میں اپنی پارٹی کیڈر مزید مضبوط ہوگا۔ نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کرتے ہوئے میر نے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں کی فلاح وبہبودی کیلئے وعدہ بند ہے اور ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کو حکومت کے سامنے اُجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کا بنیادی ایجنڈہ جموں وکشمیر کے سبھی خطوں کی بلاامتیاز ہمہ جہت ترقی ہے اور ایسا حقیقت پسندانہ طریقہ ہی واحد خطہ میں امن وخوشحالی لانے میں مددگا ر ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اپنی پارٹی کی سیاسی مقبولیت واعتباریت ہرگزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے اور مختلف سیاسی وغیر سیاسی پلیٹ فارم سے لوگ اِس میں شامل ہورہے ہیں کیونکہ اپنی پارٹی کی سیاست حقیقت پسندانہ اور صداقت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا’’مجھے پختہ یقین ہے کہ بیگ کی شمولیت سے کنزرٹنگمرگ میں پارٹی کیڈر مزید مضبوط ہوگا اور وہ متعلقہ علاقوں میں عوامی بہبود کے لئے تندہی سے اپنا کام جاری رکھیں گے‘‘۔ پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بیگ نے کہاکہ اپنی پارٹی کی زمینی سطح پر عملی سیاست نے انہیں شمولیت کے لئے متاثر کیا۔ انہوں نے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔