جموں/سری نگر//پین اِنڈیا لیگل بیداری اور رَسائی مہم کے ایک حصے کے طور پر جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی نے جموں اور سری نگر میں ’’ تصویری نمائش‘‘ کا اِنعقاد کیا جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں قانونی اِمدادی نظام اور قانونی خدمات کے اِداروں کی سرگرمیوںکو دِکھایا گیا ہے۔جموں میں نمائش کا اِفتتاح کا لا کیندر میںجموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سرپرست اعلیٰ جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی جسٹس پنکج متھل نے کیا۔ اِسی طرح سری نگر میں اِس نمائش کا اِفتتاح اولڈ لیجسلٹیو کمپلیکس میں جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج اور ایگزیکٹیو چیئرمین جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس علی محمد ماگر ے نے کیا ۔ اِس موقعہ پر جموں اور سری نگر میں ہائی کورٹ کے جج صاحبان بھی موجود تھے۔تصویری نمائش کا مقصد طلباء اور عوام الناس کو قانونی خدمات کے اِداروں کے کام کے بارے میں آگاہ کرنا تھا ۔لیگل سروسز اِنسٹی چیویشنوں کی جانب سے کی جانے والی قانونی خدمات،قانونی خدمات کے اِداروں کا تاریخی تناظر اور قانونی خدمات سے اِستفادہ کرنے والوں کو بھی نمائش میں رکھا گیا تھا۔اِس موقعہ پر جسٹس علی محمد ماگرے نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ تصویری نمائش بیداری کا ایک طاقتور ذریعہ ہے اور لوگوں کو قانونی خدمات کے بارے میں سمجھانے کا ایک پلیٹ فارم ہے جنہیں قانونی خدمات اور اس کے اِداروں کے بارے میں بہت کم علم ہے۔دِن کے وقت فوٹو گیلری کا دورہ کرنے والوں میں ایڈوکیٹ جنرل جموں وکشمیر ڈی سی رینہ ،صدر جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن جموں ایم کے بھارد واج ، سیکرٹری محکمہ قانون و اِنصاف اچل سیٹھی ، ہائی کورٹ رجسٹر کے اَفسران ، سول او رپولیس اِنتظامیہ کے اَفسران ، بار کے ممبران ،پینل وکلاء ،جموںاور سری نگر کے مختلف لأ کالجوںاور سکولوں کے طلاب شامل ہیں۔ممبرسیکرٹری جموںوکشمیر لیگل سروسز اتھارٹی ایم کے شرما نے اِس تقریب کے انعقاد میں محکمہ اطلاعات ، اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز اور محکمہ آر کائیوز کے تعاون کی تعریف کی۔