راجوری //جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے راجوری اور پونچھ کے اپنے دو روزہ دورے پر دونوں اضلاع میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔دونوں اضلاع کے ایس ایس پیز کے ساتھ بات چیت کے بعد سیکورٹی اور جرائم سے متعلق امور پر ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔آفیسر موصوف کے ہمراہ ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج وویک گپتا اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی تھے۔انہوں نے دونوں اضلاع میں تعینات سویلین، پولیس، فوج اور سی اے پی ایف کے افسران کے ساتھ بھی میٹنگ کی جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سرحدی اضلاع میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی جموں زون نے سیکورٹی کی صورتحال اور سرحد پار دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کی تخریبی کارروائیوں سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ پونچھ اور راجوری میں حالیہ تصادم کے پیش نظر سی اے پی ایف کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کریں اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر خصوصی زور دیں۔انہوں نے کہا کہ پاک سپانسرعناصر بار بار یہاں کی بڑھتی ہوئی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ امن کو متاثر کیا جائے لیکن ان مذموم کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے دونوں اضلاع میں موجود دہشت گردوں کو بے اثر کرنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور فعال سی ٹی آپریشنز پر زور دیا۔افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ شرپسندوں اور شرپسندوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جا سکے۔