کٹارمل منجاکوٹ میں پانی کی شدید قلت
لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا،حکام لاتعلق
پرویز خان
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کی پنچایت کٹارمل میں لوگوں کو پانی کی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کو کئی کلومیٹر دور سے جا کر پانی لانا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے جو لائن بچھائی گئی تھی وہ بوسیدہ ہو چکی ہیں اور پانی ٹینک کی حالت انتہائی خراب ہے ہو چکی ہے۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ راجوری سے گزارش کی ہے کہ ایک ٹیم موقع پر بھیجی جائے تاکہ متعلقہ محکمہ کی اصلیت کو سامنے لایا جاسکے اور لوگوں کو جلد سے جلد پانی کی سہولت بہم کی جاسکے۔
شاہراہ حادثہ میں سکوٹی سوار شدید زخمی
راجوری// راجوری ضلع میں جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر کلر کے قریب سڑک حادثہ میں ایک سکوٹی سوار شدید زخمی ہوگیا۔حادثہ ہفتہ کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب راجوری سے جموں جانے والی بس زیر نمبر JK02BA۔ 1370 نے سکوٹی زیرنمبر JK11B۔ 3931 کو ٹکر مار دی جس میں سکوٹی سوار زخمی ہوگیا۔زخمی کی شناخت راجوری کے ساونی گاو¿ں کے رہنے والے جسویر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جسے فوری طور پر جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری میں داخل کرایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔پولیس نے کہا کہ معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
آگ لگنے سے چار جانورجھلس گئے
سمیت بھارگو
راجوری//راجوری کے کوٹرنکا سب ڈویژن کے گڈیوگ گاو¿ں میں آگ لگنے کے واقعہ میں کم از کم چار جانور زندہ جل گئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی صبح کے وقت پیش آیا اور اس واقعے میں چار عمارتوں کو نقصان پہنچا۔حکام نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں ایک شیڈ میں موجود چار جانور زندہ جل گئے۔پولیس نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مینڈھر ٹریکٹر حادثے میں 2 افراد زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے بھیرہ گاو¿ں میں ایک ٹریکٹر حادثے میں نوعمر لڑکے سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ ہفتہ کی دوپہر بھیرہ گاو¿ں میں ٹریکٹر کے سڑک کنارے کھائی میں گرنے کے بعد پیش آیا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔دونوں کی شناخت سرفراز احمد (22 سال) ولد محمد جاوید اور توصیف احمد (18) ولد عزیز اکبر کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں مینڈھر کے کنیٹی بنولا گاو¿ں کے رہنے والے ہیں۔زخمی سرفراز احمد کو بعد میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کر دیا گیا جبکہ زخمی توصیف سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر میں زیر علاج ہے۔
دیہاتیوں کا بگنوتی دبڑ لنک پر پل کا مطالبہ
ر میش کیسر
نوشہرہ// راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف دیہاتوں کے لوگوں نے منور توی ندی پر فوری طور پر پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے جو بگنوتی ہائی وے کے علاقے کو نوشہرہ کے اندرونی حصے سے جوڑے گا۔بگنوتی کے سرپنچ پشوری لال، دبڑ کی سرپنچ انیتا دیوی اور دیگران نے بتایا کہ دبڑ بگنوتی سڑک پر ندی کے دونوں سروں پر دو سڑکیں ہیں لیکن پل نہ ہونے کی وجہ سے یہ دونوں سڑکیں آپس میں نہیں جڑ سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک بار جب یہ پل تعمیر ہو جائے گا تو اس علاقے کی 13 پنچایتوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کیلئے سڑک رابطہ ملے گااور تقریباً 5 کو ہائی وے سے بھی براہ راست رابطہ ملے گا جو دریا کے دائیں جانب واقع ہیں۔لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ اس پل کی تعمیر کا مطالبہ دہائیوں سے کیا جا رہا ہے لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے علاقے کے یکے بعد دیگرے منتخب سیاسی نمائندوں پر اس حقیقی مطالبہ کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور جموں و کشمیر کی موجودہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپنی امیدیں وابستہ کر لیں۔
دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر میں ماہانہ اصلاحی و روحانی مجلس کا انعقاد
مینڈھر// دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر ضلع پونچھ میں ماہانہ از مغرب تا عشاءایک روحانی و اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے ناظم تعلیمات مولانا مفتی محمد اسداللہ خان کی تلاوت سے اس مجلس کا آغاز کیا گیا۔تلاوت کے بعد قاری عرفان نے نعت بحضور سرور کائناتپیش فرمائی۔ اس کے بعد مجلس کے روح رواں، مہمان خصوصی حضرت مولانا ابو الحیاء توقیر احمد قاسمی کاندہلوی استاذ دارالعلوم دیوبند H.O.D انگلش ڈپارٹمنٹ کا کلیدی خطاب ہوا جس میں مولانا نے کہاکہ نیک لوگوں کا اللہ سرپرست ہے، ولی اور نگہبان ہے، اور سرپرست، ولی اور نگہبان اپنے ماتحتوں کی تمام ضروریات کو پورا کرتا ہے، مشکلات میں حفاظت کرتا ہے، اور جمیع امور میں ان کی کفالت کرتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ نیک لوگوں کی تمام ضروریات کو پورا کرتے ہیں، مشکلات میں حفاظت فرماتے ہیں، اور جمیع امور میں کفالت کرتے ہیں، لہذا اگر ہم اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اور اپنی حاجات و ضروریات کو پورا کروانا چاہتے ہیں تو ہمیں بدیوں اور برائیوں کا راستہ چھوڑ کر بھلائیوں اور اچھائیوں کا راستہ اختیار کرکے نیک بننا ہوگا۔ مولانا نے مزید کہا کہ معاشرے میں جس طرح برائیاں روز بروز پنپ رہی ہیں اور معاشرہ بے راہ روی کی جانب بڑھتا چلا جارہا ہے نئی نسل تباہی کے دہانے پر جا کھڑی ہے، اس ساری صورتحال کے پیش نظر والدین اور سرپرستان کی دوگنی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماتحتوں پر کڑی نظر رکھیں کہ بچے کس کس کے پاس اٹھتے اور بیٹھتے ہیں۔مولانا نے مزید کہا کہ روزانہ اپنا محاسبہ کریں کہ کیا ہم سے اللہ محبت کرتے ہیں یا نہیں؟ ۔ مولانا نے استغفار توبہ پر زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اللہ کے ذکر، اور درود شریف کی کثرت کریں۔ اخیر میں سینئر نائب صدر تنظیم علماءاہل السنت والجماعت ضلع پونچھ، بانی و مہتمم دارالعلوم محمودیہ، امام و خطیب مرکزی جامع مسجد انور قاسم نگر مینڈھر مولانا فتح محمدنے مجمع کو مخاطب کرکے کہا کہ جموں و کشمیر میں لگ بھگ ایک کروڑ کے آس پاس لوگ بستے ہیں جن میں سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چھ لاکھ لوگ نشہ اور ڈرگس کی لت میں پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کا واحد سبب وہ دین سے دوری، اور پیغمبر انسانیت کی تعلیمات سے اور آپ کی سیرت مطہرہ سے ناواقفیت اور جہالت ہے، لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ بنیادی دینی معلومات کو عام کرنا اور سیرت النبیکو پڑھنا، اور بیان کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
پونچھ میں صحت کی ناکافی سہولیات کیلئے انتظامیہ ذمہ دار:ڈاکٹر شہزاد
مینڈھر//جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس کے چیئرپرسن اور ایس این یو کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے ضلع پونچھ میں صحت کے ناقص انفراسٹرکچر اور ناکافی افرادی قوت پرمحکمہ صحت اور ضلع پونچھ کی سول انتظامیہ کی شدید مذمت کی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ پونچھ کے صحت کے شعبے کو ترجیح دیں۔ بیان میںڈاکٹر شہزاد نے کہا کہ حکومت سرحدی ضلع کے مختلف صحت کے اداروں میں دستیاب صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ وہاں ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کے بارے میں وائٹ پیپر جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے بیشتر بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں سے منسلک عملہ کی منظور شدہ تعداد نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس صحت کی دیکھ بھال کی ضروری مشینری ہے جس میں ایکسرے، ای سی جی، آپریشن تھیٹر، اسٹریچر، وہیل چیئرز شامل ہیں۔ انہوں نے سمارٹ ایمبولینسز اور یہاں تک کہ ڈرائیوروں کی کمی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 سے 6 لاکھ لوگوں کی آبادی کو ان افسران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور ایل جی منوج سنہا سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔
Contents
کٹارمل منجاکوٹ میں پانی کی شدید قلت لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا،حکام لاتعلق شاہراہ حادثہ میں سکوٹی سوار شدید زخمی آگ لگنے سے چار جانورجھلس گئے مینڈھر ٹریکٹر حادثے میں 2 افراد زخمی دیہاتیوں کا بگنوتی دبڑ لنک پر پل کا مطالبہدارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر میں ماہانہ اصلاحی و روحانی مجلس کا انعقاد پونچھ میں صحت کی ناکافی سہولیات کیلئے انتظامیہ ذمہ دار:ڈاکٹر شہزاد