گاندربل // سالورہ گاندربل میں دم گٹھنے سے سینٹرل یونیورسٹی میں زیر تعلیم راجوری کی ایک طالبہ لقمہ اجل جبکہ ایک کو بیہوشی کی حالت میں صورہ منتقل کردیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ کشمیر سینٹرل یونیورسٹی میں زیر تعلیم دو طالبات 25سالہ شبناز کونثر دختر ممتاز احمد خان ساکن نکم جڈی مینڈھر پونچھ اور 24سالہ ذہین کونثر دختر غلام چودھری کالی ساکن نکم جڈی مینڈھر نے وانی پورہ سالورہ گاندربل میں سنیچر کو ہی ریاض احمد وانی کے مکان میں ایک کمرہ کرایہ پر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق شام قریب 9بجے دونوں کو کمرے میں بیہوش پایا گیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال گاندربل پہنچایا گیا۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر یاسمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شبناز کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جبکہ اسکی ساتھی طالبہ بیہوشی کی حالت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسے ہوش آگیا ہے اور اسنے پولیس کو بتایا ہے کہ انہوں نے آج ہی سالورہ میں ایک چھوٹا سا کمرہ کرایہ پر لیا تھا جس کی ایک چھوٹی سی کھڑکی تھی اور کوئی وینٹی لیشن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کمرے میں انہوں نے کھانا تیار کیا اور دونوں آرام کرنے کیلئے بیٹھیں جس کے دوران ان پر غشی طاری ہوئی ۔پولیس نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ دم گھٹنے سے دونوں طالبات بیہوش ہوئیں جس کے دوران ایک کی موت واقع ہوئی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔