سرینگر//ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی کشمیر عبدالجبار نے اونتی پورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینئر افسران کی ایک میٹنگ میںضلع کے موجودہ سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔انہوںنے جوائنٹ انٹروگیشن سنٹر (جے آئی سی) کا بھی افتتاح کیا۔انہوںنے ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور پولیس کے سینئر افسران پر زور دیا کہ وہ ان علاقوں اور او جی ڈبلیوز کی نشاندہی کریں جہاں سے ملک دشمن عناصر کو مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ضلع میں تمام فورسز کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ ڈی آئی جی موصوف نے افسران سے کہا کہ کسی بھی جنگجو مخالف کارروائی اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا چاہئے۔ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف اور دیگر افسران نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر کو ضلع میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔