سحرش اصغر کو’RUSA ‘اضافی چارج تفویض
بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے محکمہ رول لائیولی ہڈ مشن،کی مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر سحرش اصغر کو ’آر یو ایس اے‘ کی مشن ڈائریکٹر کا اضافی چارج تفویض کیاہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے پیر کو جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی مفاد میں محکمہ رول لائیولی ہوڈ(دیہی معاش) کی مشن ڈائریکٹر کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی راشٹریہ اوچتار شکھشا ابھیان(آر یو ایس اے) کے مشن ڈائریکٹر کی ذمہ داری بھی سونپی جاتی ہے۔
کارہامہ کنزر کامحاصرہ
گھرگھرتلاشی آپریشن شروع
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//کارہامہ کنزر کا فوج نے پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ طور محاصرہ کرکے گھرگھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ فوج کو گائوں میں جنگجوئوں کے موجود ہونے کا خدشہ ہے۔فوج کے 2آرآر، ٹاسک فورس کنزر اور176بٹالین سی آر پی ایف نے کارہامہ کنزر کے راتھر محلے کا ساڑھے چار بجے دن کو محاصرہ کیااور گھرگھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔شام دیر گئے آس پاس پر نظررکھنے کیلئے روشنی کاانتظام جنریٹرنصب کرکے کیا،تاہم آخری اطلاعات ملنے تک فوج اور جنگجوئوں کاکہیں آمناسامنا نہیں ہوا۔
آگ نے حدمتارکہ عبور کی،بالا کوٹ کے وسیع جنگلات لپیٹ میں
مینڈھر //جاوید اقبال //مینڈھر سب ڈویژن کے بالا کوٹ جنگلات میں پاکستانی زیر انتظام جموں وکشمیر کی جانب سے لگی آگ نے حدمتارکہ عبور کرتے ہوئے وسیع جنگلا ت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔آگ کی وجہ سے سینکڑوں چھوٹے بڑے درخت جل کر راکھ ہوگئے جبکہ جانوروں اور پرندوں نے آبادی والی جگہوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بالا کوٹ جنگلات میں اکثر مشکو ک حالت میں آگ نمودار ہوتی رہی ہے جس کی وجہ سے اس سے قبل بھی سینکڑوں درخت جل کر راکھ ہو چکے ہیں ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی سبز سونے کو بچانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو متحرک کیا جائے ۔اس دوران حد متارکہ پر لگی آگ کی وجہ سے سیکورٹی فورسز بھی متحرک ہو گئی ہیں جبکہ بارودی سرنگوں کے دھماکے ہونے کا خدشہ بھی ظہار کیا جارہا ہے ۔
ٹنگمرگ میں نقب زنی
دوکان سے60ہزار روپئے اُڑالئے گئے
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ مین بازار میں نقب زنوں نے 21اور22نومبر کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے منظور احمد خان ولد نور محمد خان ساکن محلہ جامع بارہمولہ کی دوکان النور ٹریڈرس سے60ہزار روپئے مالیت کے ہار اڑا لئے۔منظور احمدنے جونہی صبح کو وہاں پہنچے تو وہ یہ صورتحال دیکھ کر ششدر رہ گئے ۔انہوں نے فوری طور ٹنگمرگ تھانہ میں شکایت درج کی۔ایس ایچ او ٹنگمرگ نے صورتحال کا جایزہ لیتے ہوئے دوکانداروں کو سی سی ٹی وی نصب کرنے کی صلاح دی ۔ پولیس نے کیس درج کرکے نقب زنوں کی تلاش شروع کردی ۔ ادھر دوروز قبل ہی ریرم کنزر میں نقب زنوں نے نذیرا حمد بٹ نامی دوکاندار سے دن دھاڈے قریب 63ہزار روپئے اڑالئے جب موصوف نماز پڑھنے گئے تھے۔
عمارتی لکڑی کی عدم فراہمی
گاندربل میںفارسٹ کارپوریشن کے خلاف اظہار ناراضگی
ارشاد احمد
گاندربل//ضلع گاندربل کے بیشتر علاقوں میں عمارتی لکڑی فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے لوگوں نے کہا ہے کہ انہیں دو سال سے مشکلات درپیش ہیں۔ چھترگل ،وسن ،ڑنر،بونہ زل اورہاری پورہ سمیت دیگر علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن کی جانب سے گزشتہ دو سال سے عمارتی لکڑی کی تقسیم کاری میں کمی لائی گئی ہے ۔وسن کے ایک باشندے منظور احمد نے بتایا کہ انہوں نے دو سال قبل زیر تعمیر رہائشی مکان کے لئے محکمہ سے رابطہ کیا اور کاغذی لوازمات مکمل کئے لیکن دو سال گزرنے کے باوجود بھی لکڑی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کے باعث اُس کا مکان بھی مکمل نہیں ہوپارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ کے اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا لیکن فقط لیت ولعل سے کام لیا جارہاہے۔ اسی طرح کی شکایات دیگر علاقوں سے بھی موصول ہورہی ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں عمارتی لکڑی مہنگے داموں بازار سے حاصل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی۔
بانڈی پورہ میں لیگل سروسز اتھارٹی کا جانکاری کیمپ
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرپرسن اور پرنسپل اینڈ سیشن جج بانڈی پورہ محمد ابراہیم وانی کی ہدایت پرسیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی فارقہ نذیر(سب جج) نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ میں گھریلو تشدد ایکٹ کے عنوان سے جانکاری پروگرام منعقد کیا جس میں محکمہ تعلیم ،محکمہ سماجی بہبود ،محکمہ آئی سی ڈی ایس کے علاوہ آنگن واڑی ورکروں ہیلپروں ودیگر ملازمین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔لیگل سروسز اتھارٹی کی سیکریٹری فارقہ نذیر نے جانکاری تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے گھریلو تشدد کے متعلق قانونی امداد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور خواتین کو بااختیار بنانے اور انصاف فراہم کرنے کے متعلق لیگل سروسز اتھارٹی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ترال کے سیاسی کارکن کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت
سرینگر// ترال کی معروف سیاسی کارکن شیخ عبدالرشید نے پیر کو نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر پر نائب صدر عمر عبداللہ کے سامنے شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر اور ڈاکٹر غلام نبی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موصوف کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پارٹی میں خیر مقدم کیا گیا۔ یاد رہے کہ شیخ عبدالرشید نے سابق اسمبلی الیکشن میں حلقہ انتخاب ترال سے الیکشن میںحصہ لیا تھا۔ انہوںنے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔
ساگر کا اظہارِ تعزیت
ساگر کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے مہاراج گنج کے خواجہ فاروق احمد زرگر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے فرزند برہان زرگر (یوتھ لیڈر)کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر سلما ن علی ساگر اور دیگر عہدیداران نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔
پلوامہ میں 3افراد منشیات سمیت گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے پلوامہ میں تین افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 146کلو گرام پوست کا بھوسا، 10کلو گرام بھنگ پتری اور ایک چکی برآمد کرلی۔ گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت وسیم احمد گنائی ساکن بدرون اور ریاض احمد وانی ساکن بونگام قوئل کے طور پر ہوئی ہے ۔پلوامہ تھانہ میںدونوں افراد کے خلاف کیس زیرایف آئی آر نمبر 318/2021ا درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔اسی دوران گڈورہ پلوامہ میں پولیس نے عبدالقیوم میر ساکن گڈورہ کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 16کلو گرام پوست کا بھوسا برآمدکرنے کادعویٰ کیا ہے ۔ پلوامہ تھانہ میںاس سلسلے میں بھی ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 317/2021 درج کیا گیا ہے ۔
ساگر کا اظہارِ تعزیت
ساگر کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے مہاراج گنج کے خواجہ فاروق احمد زرگر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے فرزند برہان زرگر (یوتھ لیڈر)کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر سلما ن علی ساگر اور دیگر عہدیداران نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔
حضرت میر سید یعقوبؒ کے عرس پر انتظامات کی اپیل
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے حضرت میر سید یعقوب صاحب ؒ (سونہ وار)کے سالانہ عرس کے سلسلے میں عقیدتمندوں کیلئے خاطر خواہ اور مناسب انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے۔ عرس کی تقریب کے دوران زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات، خصوصاً بجلی،پینے کا پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ ، میسر رکھنے کی اپیل کی تاکہ عقیدتمندوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ساگر نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ماضی کی طرح آستان عالیہ پر تمام انتظامات رکھیں۔پارٹی لیڈر احسان پردیسی نے بھی عرس کے سلسلے میں معقول اور مناسب انتظامات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔
نعت گو شاعر غلام مصطفیٰ کے انتقال پر تعزیتی تقریبات
سرینگر//رتنی پورہ پلوامہ کے معروف نعت گو شاعر غلام مصطفی امید کی وفات پر وادی کی کئی ادبی تنظیموں کے علاوہ سماج کے دیگر طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔موصوف گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ نوو ادبی کاروان پلوامہ کا ایک وفد نے تنظیم کے سربراہ عبدالرحمان فدا کی صدارت میں مرحوم کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت پرسی کی ۔وفد میں نوو ادبی کاروان کے صدر سکندر ارشاد،میر مجاہداورفیاض دلگیر شامل تھے۔ جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ فیاض اندرابی نے بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
دارالعلوم صدیقیہ میں جلسٔہ دستار بندی
سرینگر//انجمن علما وائمہ مساجد کے ترجمان کے ایک بیان کے مطابق دارالعلوم صدیقیہ ساگام میں ایک روزہ جلسہ دستاربندی منعقد ہوا جس میں پانچ حفاظ کی دستاربندی کی گئی۔ اس موقع پر مفتی عبدالرشید ( مہتمم دارالعلوم بلالیہ) مہمان خصوصی تھے ۔علماء نے اصلاح معاشرہ کے حوالے سے روشنی ڈالی۔ جلسے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
معدنیات کی غیر قانونی کھدائی
بارہمولہ میں 2ٹریکٹر اور ایک جے سی بی ضبط
سرینگر//بارہمولہ پولیس نے غیر قانونی معدنیات کی کھدائی کے سلسلے میں دو ٹریکٹر اور ایک جے سی بی ضبط کیا۔ ایس ڈی پی او پٹن کی نگرانی میں اگلر پٹن میں غیر قانونی معدنیات کی کھدائی میں ملوث ایک جے سی بی اور 2ٹریکٹر ضبط کرلے۔پولیس نے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کی ہے ۔پولیس نے لوگوں سے گزارش کی کہ غیر قانونی معدنیات کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی ۔
بارہمولہ آتشزدگان سے اظہار یکجہتی
نیشنل کانفرنس نے بازآبادکاری کا مطالبہ کیا
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے بارہمولہ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں 8دکانوں کے خاکستر ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان برائے شمالی کشمیر محمد اکبر لون، جنوبی زون صدر جاوید احمد ڈار، ضلع صدر بارہمولہ ڈاکٹر سجاد شفیع اور ضلع صدر غلام حسن راہی نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ ان کی بازآبادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار پھر سے شروع کر سکیں۔