لکھنؤ/دنیا کی موجودہ نمبر ایک ٹی 20 ٹیم ہندوستان جمعرات کو یہاں پہلے ٹی 20 آئی میں سری لنکا کے خلاف اپنی پچھلی ٹی 20 سیریز کی شکست کا بدلہ لینے کے مضبوط ارادے کے ساتھ اترے گا۔دراصل ہندوستان نے گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی جو سری لنکا نے دو۔ایک سے جیتی تھی۔ تاہم اس وقت ہندوستانی ٹیم میں نہ تو ان کی پہلی پسند کے بہت سے کھلاڑی تھے اور نہ ہی اصل کوچ۔ہندوستان اس وقت پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کے دورے پر تھا اور ہیڈ کوچ روی شاستری کے ساتھ روہت شرما، وراٹ کوہلی، لوکیش راہل، رشبھ پنت، رویندرا جڈیجا اور جسپریت بمراہ سمیت کئی پہلی پسند کے کھلاڑی اس دور میں شامل تھے ۔ لیکن اس بار سری لنکا کے سامنے ہٹ مین روہت شرما کی قیادت والی نوجوان اور پرجوش ٹیم انڈیا کا سخت چیلنج ہوگا۔ ہندوستان نے اتوار کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز میں تین۔صفر سے کلین سویپ کرنے کے بعد چھ سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی ٹی 20 ٹیم رینکنگ میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا۔دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں بات کریں تو ہندوستان نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کیا ہے جبکہ سری لنکا کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار۔ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ہندوستان جہاں ایک طرف پر اعتماد نظرآرہا ہے وہیں دوسری جانب سری لنکا پر سیریز کی شکست کا دباؤ بھی ہوگا۔ہندوستان کو حالانکہ سوریہ کمار اور تیزگیندباز دیپک چاہر کی کمی ضرور محسوس ہوگی جو چوٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہیں ۔ سوریہ اپنی شاندار بلے بازی کی وجہ سے پلیئر آف دی سیریز رہے تھے ۔یو اے ای میں منعقدہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے علاوہ سری لنکا نے گزشتہ سال جنوری سے اب تک کھیلی گئی پانچ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہندوستان کے خلاف صرف ایک سیریز جیتی ہے۔