لاہور/ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز آج سے لاہور میں ہوگا۔ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں نے ون ڈے میچز کی تیاری شروع کردی ہے جس کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین گھنٹے کا بھرپور پریکٹس سیشن بھی ہوا۔واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہی 31مارچ اور 2اپریل کو شیڈول ہیں۔مہمان ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت چکی ہے، وہ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے وائٹ بال میچز میں بھی برتری کیلئے پرامید ہے تاہم اسے سیریز میں کئی اہم پلیئرز کی خدمات حاصل نہیں۔ آل رائونڈر گلین میکسویل اپنی شادی کے سبب سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے جبکہ فاسٹ بولر کین رچرڈسن انجری کے سبب دورے سے باہر ہوگئے۔ ٹاپ آرڈر بیٹر ڈیوڈ وارنر، فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک ، جوش ہیزل ووڈ اور جھائے رچرڈسن کی خدمات بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگی۔ ایک روز قبل اسٹار بیٹر اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ بھی فٹنس مسائل کے سبب میچز سے آئوٹ ہوئے۔ کینگروز کے نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے سبب ہوم ٹیم کے پاس ٹیسٹ سیریز کا بدلہ لینے کا موقع ہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم بھی مسائل سے دوچار ہے۔ نائب کپتان شاداب خان مکمل طور پر فٹ نہ ہو سکے۔ اسپنر زاہد محمود کو محمد نواز کے متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جو کہ شاداب خان کے بیک اپ بھی ہیں۔ اتوار کو پاکستانی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی جس میں کھیل کے تینوں شعبوں میں موجود خامیوں پر توجہ دی گئی۔دوسری جانب آسٹریلین ٹیم نے پریکٹس میں اپنے ہتھیاروں کی جانچ پڑتال کی، کھلاڑیپریکٹس کے دوران خاصے پر جوش نظر آئے۔ دونوں کے مابین 104ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ جن میں سے آسٹریلیا نے 68جبکہ پاکستان نے 32میں فتح حاصل کی ہے، 3میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے جبکہ ایک میچ برابری پر ختم ہوا۔