یو این آئی
نئی دہلی وزیر اعظم نریندر مودی نے قبرص کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط اور مستقبل کے وژن پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے انہیں نئی رفتار دینے کے لیے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے دونوں ممالک نے عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ مودی نے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئے قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈز کے ساتھ جمعہ کو یہاں دو طرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں یہ بات کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں، قبرص سے ہندوستان میں سرمایہ کاری بڑھ کر تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بڑھنے اور ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے کئی نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، “ہم اگلے پانچ سالوں میں اس سرمایہ کاری کو پھر سے دوگنا کرنے کا ہدف رکھ رہے ہیں۔ اور اس عزم کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے، آج ہم اپنے قابلِ اعتماد تعلقات کو ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی شکل دے رہے ہیں۔” مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور قبرص کی دوستی مضبوط اور مستقبل کے وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا، “جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی اقدار میں مشترکہ یقین، ہماری شراکت داری کی بنیاد ہیں۔ ہم تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں۔ ہندوستان ان اصولوں کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور آگے بھی رہے گا۔”وزیر اعظم نے کہا کہ ہند- قبرص، یوکرین اور مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے جلد خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “آج ہم نے عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یوکرین ہو یا مغربِی ایشیا، ہم تنازع کے جلد خاتمے اور امن کی کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ہم اس بات پر بھی متفق ہیں کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات انتہائی اہم ہیں۔”مودی اور قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس نے جمعہ کے روز قومی دارالحکومت نئی دہلی میں دو طرفہ ملاقات کی۔یہ ملاقات حیدرآباد ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور خارجہ سکریٹری وکرم مصری سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس جمعرات کو اپنے دورۂ ممبئی کے بعد نئی دہلی پہنچے تھے۔وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل کہا تھا کہ صدر کا یہ دورہ جون 2025 میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے تاریخی دورۂ قبرص سے پیدا ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے اور ہندوستان-قبرص شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔نئی دہلی کا یہ مرحلہ چار روزہ سرکاری دورے کے ابتدائی حصے کے بعد آیا ہے، جس کا آغاز بدھ کے روز صدر کرسٹوڈولائڈس کی ممبئی آمد سے ہوا تھا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق، وزیرِ اعظم نریندر مودی کی دعوت پر 20 سے 23 مئی تک ہونے والا یہ دورہ اپنے موجودہ عہدے میں ان کا پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔قبرص کے صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔