یو این آئی
بارہمولہ// منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے جمعرات کے روز پانچ بد نام زمانہ منشیات فروشوں کو کورٹ بلوال جیل منتقل کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مجاز اتھارٹی کی سفارش پر جیل منتقل کیا۔
گرفتار افراد کی شناخت گلزار احمد گنائی ولد محرم حبیب اللہ گنائی ساکن چھانہ ہامہ رفیع آبا د بارہمولہ ، غلام محی الدین ڈار ولد عبدالحد ساکن لڈورا رفیع آباد بارہمولہ ، وحید سلطان گنائی عرف راجا ڈان ولد محمد سلطان ساکن شر پورہ پٹن، اعجاز احمد گوجری عرف اعجاز مغل ولد نور الدین گوجری ساکن ملہ پورہ پٹن اور عتیق اللہ لون ولد اکبر لون ساکن تجر شریف سوپورکے بطور ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ منشیات سمگلروں کے خلاف پہلے ہی کئی مقدمات درج ہیں اور وہ رفیع آباد ، لڈورا ، چاکلو ، بنر ، جانباز پورہ، شیر پورہ پٹن، ملہ پور ہ پٹن اور ضلع بارہمولہ کے دیگر علاقوں میں مقامی نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرنے میں پیش پیش تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سارے کیسوں میں ملوث ہونے کے باوجود بھی منشیات فروشوں نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا ناگزیر بن گیا تھا۔
عوامی حلقوں نے بارہمولہ پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہتے ہوئے کہاکہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے سے ہی اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکتا ہے۔