بیتاڑ نالہ پل مرمت کرنے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ// سماج سیواسو سائٹی نے بیتاڑ نالہ پل کی مرمت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ یہ پل 2014سیلاب میں ڈھہ گیاتھا جس کی اب تک پوری طرح سے مرمت نہیں کی گئی ۔سماج سیواسوسائٹی نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ 2014 میں آئے سیلاب میں بیتاڑ نالہ کے قریب کی بستی کے لوگوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہواتھا جنہیں بھی اب تک امداد نہیں دی گئی اور نہ ہی پل کی مرمت کی گئی ہے ۔سوسائٹی کے صدر جوگل کشور نے محکمہ تعمیرات عامہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے نہ ہی پل کی مرمت ہوئی اور نہ ہی بستیوں کو تحفظ دیا جارہاہے ۔ جنرل سیکریٹری کوشل شرما نے کہا کہ ٹریکٹروں نے درنگلی نالہ پل کی حالت خراب کر رکھی ہے جس پر حکومت کو کڑی کارروائی کرنی چاہئے ۔احتجاج میں بھجن سنگھ، کیپٹن اوم پرکاش، کیپٹن ہرپال سنگھ، رومیش چندر، امنیش دتا، انوراگ شرما، سنیل شرما اور منظور احمدبھی شامل تھے ۔
طلباجغرافیہ ،تاریخ اور سائیکالوجی پڑھنے کیلئے پونچھ جانے پر مجبور
ہائر سکینڈری اسکول منڈی میں نئے مضامین متعارف کروانے کی مانگ
عشرت بٹ
منڈی//ہائراسکینڈری سکول منڈی میں کچھ مضامین نہ پڑھائے جانے کے نتیجہ میں طلباء کو ان کی تعلیم کیلئے پونچھ کا رخ کرناپڑتاہے ۔ یوتھ سول سوسائٹی منڈی نے حکومت سے مانگ کی ہے کہ سکول میں جغرافیہ ،تاریخ اور سائیکالوجی جیسے مضامین متعارف کروائے جائیں تاکہ طلباء کو مقامی سطح پر ہی تعلیم کی سہولت مل سکے ۔منڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ سول سوسائٹی کارکنان نے کہاکہ 1988میں قائم کئے گئے اس سکول کا درجہ بڑھاکر اسے کالج بنایاجاناچاہئے تھالیکن ایسا نہیں کیاگیا اور اس سکول میں چند ایک مضامین میں ہی تعلیم دی جارہی ہے ۔ تنظیم کے صدررزاق بٹ نے کہا کہ سکول میں آج تک وہی مضامین پڑھائے جارہے ہیں جو تیس سال قبل متعارف ہوئے تھے ۔ان کاکہناہے کہ جغرافیہ،سائیکالوجی ،تاریخ،انتھراپالوجی جیسے مضمون پڑھنے کے لئے منڈی کے طلباء کو پونچھ کے اسکولوں میں داخلہ لیناپڑتاہے اور یہ کام غریب بچوں کیلئے بہت ہی مشکل ہے کیونکہ ان کے والدین کے پاس اتنے وسائل نہیں ہوتے کہ وہ اپنے بچوںکو پونچھ میں کرایہ کے کمرے لیکر تعلیم دلواسکیں ۔انہوںنے کہاکہ منڈی کے دور دراز علاقہ کو نظرانداز کیاجارہاہے ۔یوتھ سول سوسائٹی جنرل سیکریٹری مشتاق بٹ نے سیاسی لیڈران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ضروری معاملہ کو کبھی حکام کے سامنے اٹھانے کی زحمت نہیں کی جس کے سبب غریب عوام کے بچے اپنی پسند کے مضامین پڑھنے سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی بار گزارش کرچکے ہیں کہ ان مضامین کو سکول میں شروع کیاجائے تاہم کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے وزیر برائے تعلیم سید الطاف بخاری سے مداخلت کی اپیل کی ۔
محکمہ پی ایچ ای کیخلاف کنبہ کا سڑک بند کرکے احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے جگال علاقہ میں سوموار کی صبح ایک کنبہ نے پانی کے معاملہ پر مینڈھر کالابن سڑک کو گاڑیوں کی آمدروفت کے لئے بند رکھا۔اس دوران محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ کے وزیر کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور احتجاجی کنبہ نے الزام عائد کیاکہ انہیں جان بوجھ کر سپلائی سے محروم رکھاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پانی کی سپلائی کیلئے انہوںنے ہر ایک سے اپیل کی مگر کسی نے ان کی بات نہ سنی او ر بالآخر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ۔کنبہ کا محکمہ پی ایچ ای کے خلاف یہ احتجاج ایک گھنٹے سے بھی زائد عرصہ تک جاری رہا تاہم بعد میں ایس ایچ او مینڈھر محمد امین چوہدری موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کے ساتھ بھی بات چیت کرنے کے بعد احتجاجی کنبہ کو یقین دلایا کہ ان کو پانی کی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔اس احتجاج کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور امتحان دینے جارہے بچوں کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑا۔
۔55گاڑیوں کے چالان،15ضبط
بختیار حسین
سرنکوٹ //ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک اور ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر نے بازار کا معائنہ کیا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے چالان کاٹے ۔انہوںنے ناکہ لگاکر گاڑیوں کے کاغذات کامعائنہ کیا اورموٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنے کی ہدایات جاری کیں ۔اس دوران بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے چالان بھی کاٹے گئے اور ائورلوڈ گاڑیوں کے مالکان بھی کارروائی کی گئی ۔پولیس نے ان گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جنہوںنے پارکنگ کے بجائے گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی کررکھی تھیں ۔اس دوران پولیس نے 55 گاڑیوں کے چالان کاٹے جبکہ 15 ضبط کی گئیں۔
سرنکوٹ میں نوجوانوں کا اجلاس
منشیات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیاگیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں منشیات کے موضوع پر نوجوانوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجسکی صدارت ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میرمہمان خصوصی تھے ۔اجلاس کے دوران نوجوانوںنے اس بات پر تشویش کا اظہار کیاکہ منشیات کا استعمال جان لیوا ثابت ہورہاہے اور کئی نوجوان اسی وجہ سے موت کا شکاربن رہے ہیں ۔مقررین نے کہاکہ پولیس کے ساتھ ساتھ سیول انتظامیہ کو بھی اپنا رول ادا کرناہوگااور منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاجائے ۔انہوںنے کہاکہ نوجوان نسل کو اس بری عادت سے بچتے ہوئے تعلیم کو اپنا مقصد بناناچاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں ائمہ مساجد اور علماء کو بھی رول ادا کرناچاہئے اور انہیں مساجد سے منشیات کے خلاف بیانات دینے ہوںگے تاکہ سماج سے اس کا قلع قمع کیاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ سول سوسائٹی کو بھی متحرک رول ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔اپنے خطاب میں ایس ڈی پی سرنکوٹ نے کہا کہ ان کے دور میں اس حوالے سے 42 ایف آئی ار درج ہوئے ہیں اور پولیس کارروائی کررہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں پولیس عوام کوہر طرح کا تعاون دینے کیلئے تیار ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس بیماری کا خاتمہ کیاجائے ۔ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس کو قانونی حدود میں رہ کر ہی کارروائی عمل میں لانی ہوتی ہے لیکن انہوں نے سرنکوٹ میںجانکاری کیمپ بھی لگائے جس سے کافی فائدہ ملاہے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس کارروائیوں میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے ۔اس موقعہ پر اویس بخاری،سکندر نورانی،شوکت پروانہ ،ارشاد احمد بٹ ،ڈاکٹر شیراز احمد میر ،کالج طلبا یونین صدر ظفر حسین شاہ، مجتبیٰ خان ،اسرار خان، طاہر کاظمی وغیرہ بھی موجود تھے۔
بینک سے خاتون کے 50ہزار روپے غائب
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے چھترال علاقہ سے تعلق رکھنے و الی ایک خاتون کے سٹیٹ بنک آف انڈیا سے پچاس ہزار روپے غائب ہو گئے ہیں۔ پروین اختر زوجہ طفیل حسین نامی اس خاتون کا الزام ہے کہ وہ بنک سے پیسے نکلوانے کے بعد میز پر رکھ کر پرس کھول رہی تھی کے اچانک سے پیسے غائب ہو گئے جس کے فوری بعد اس نے اس بارے میں بینک میں اطلا ع دی تاہم پیسوں کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا۔خاتون نے بینک حکام پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بینک میں کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں جس کے باوجود لاپرواہی کا مظاہرہ کیاگیا ۔بعد میں اس بارے میں خاتون نے پولیس تھانہ مینڈھر میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔خاتون کاکہناہے کہ نصب شدہ کیمروںسے صاف پتہ چل جائے گاکہ پیسے کس نے اٹھائے ۔
آنگن واڑی ورکروں کی احتجاجی ریلی
حسین محتشم
پونچھ//آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج تیرہویں روز بھی جاری رہا۔اس دوران فوارہ گارڈن پونچھ میں آنگن واڑی کارکنان اور ہیلپروں نے نعرے بازی کرتے ہوئے سرکارمخالف ریلی نکالی ۔ ریلی بھی نکالی گئی جو بس اڈہ پونچھ کے راستے سے گزرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر تک پہنچی۔ اس دوران کارکنان نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ان کے مطالبات پورے کرنے کی اپیل کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ بعد از آں ریلی کی صورت میں یہ مظاہرین فوارہ گارڈن پہنچی ۔انہوںنے ریاستی سرکار کو انتباہ دیا کہ وہ اپنا احتجاج تب تک جاری رکھیں گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہ ہوجائیں۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکنیت
پروین سرور خان کی نامزدگی کا خیر مقدم کیا
جاوید اقبال
مینڈھر//آل انڈین نیشنل کانگریس کی ایک میٹنگ زیر صدارت محمد رزاق خان پرویز ریٹائرڈ لیکچررمنعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر کارکنان نے ہائی کمان کااس بات کیلئے شکریہ ادا کیاکہ مینڈھر سے تعلق رکھنے والی خاتون پرورین سرور خان کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ممبر نامزد کیاگیاہے ۔کارکنان نے پروین سرور خان کاگلہوتہ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا اور کانگریس پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کانگریس صدر راہل گاندھی ،سونیا گاندھی ، غلام نبی آزاد اور ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروین سرور خان کو مبارک باد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پروین سرور خان ریاستی سکریٹری کے عہدے پر بھی بہت اچھا کام کیا ۔اس دوران مقامی لوگوں کے مسائل بھی زیر بحث لائے گئے ۔علی داد ،نمبردار فاروق ،حاجی محمد اکرم خان،حاجی نظیم احمد خان ،حاجی ظہیر احمد خان،راجہ یعقوب خان،آفتاب خان وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر کے لوگوں کوبجلی،پانی اور سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے مشکلات کاسامناہے ۔انہوںنے کہا کہ سرحدی علاقہ میں فائرنگ اور گولہ باری رکنے کا نام نہیں لے رہی جس سے لوگوں کا بھاری نقصان ہو رہا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ دونوں ممالک کو آپس میں بات چیت کاراستہ اختیار کرناچاہئے اور اس کشیدگی کو ختم کردیاجائے جس سے عام لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔اپنے خطاب میں پروین سرور خان نے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ مسائل حل کروانے کی پوری پوری کوشش کریںگی ۔انہوںنے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کو بنیادی سطح پر مضبوط بنایاجائے اور کارکنان دن رات محنت سے کام کریں۔ان کاکہناتھاکہ ریاست کی موجودہ مخلوط سرکار ناکام ہوچکی ہے اور چھوٹی چھوٹی بچیاں بھی محفوظ نہیں ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض راجہ وسیم خان نے انجام دئیے۔انہوںنے پروین سرور خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ خطہ پیر پنچال کی پہلی ایسی خاتون ہیں جن کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ممبر نامزد کیاگیاہے۔ میٹنگ کا انعقاد حاجی امتیاز احمد خان نے کیا۔
جموں یونیورسٹی کے انٹرنس نظام میں تبدیلی کا مطالبہ
راجوری//جموں یونیورسٹی میںنئے داخلوں کے لئے انٹرنس نظام میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے طلباء نے کہاکہ ہر بار مضمون سے ہٹ کر سوالات پوچھے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں طالب علم داخلہ سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلباء نے کہاکہ اس نظام میں تبدیلی لائی جائے اور مضمون کے اندر سے سوالات پوچھے جائیں ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے عاقب وانی نے کہاکہ جموں یونیورسٹی 2015سے مختلف مضامین میں پی جی کے لئے انٹرنس لی رہی ہے تاہم ہر بار یونیورسٹی طلباء کو مطلوبہ مضمون سے ہٹ کر سوالات پوچھے جاتے ہیں جس کی وجہ سے کئجی طالب علم داخلہ نہیں لے پاتے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرایک طالب علم فزیکس میں داخلہ لینا چاہتا ہے تو اسے میڈیکل یاپھر سائنس کے متعلق پوچھاجاتا ہے جو سمجھ سے باہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر یونیورسٹیوں میں طالب علم سے اسی مضمون کے بارے میں سوالات پوچھے جاتے ہیں جس میں پی جی کورس کرنے کا متمنی ہو تاہم جموں یونیورسٹی میں اس کے برعکس ہورہاہے۔انہوںنے ریاستی حکومت و گورنر سے اپیل کی کہ اس نظام میں تبدیلی لائی جائے ۔
مینڈھر سڑک حادثہ میںسابق ایم ایل سی سمیت 5زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق ممبر قانون ساز کونسل اخلاق خان سمیت پانچ افراد ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوگئے ۔ اخلاق خان کی گاڑی کو تب حادثہ پیش آیا جب وہ ایک جنازہ میں شرکت کے بعد منجہاڑی سے واپس جارہے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق بھاٹہ دھوڑیاں کے مقام پر سابق ایم ایل سی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیااور وہ کئی پلٹے کھانے کے بعد نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں وہ خود ، ان کا ذاتی محافظ محمد ریاض ،محمد بشیر ،خورشید بیگم اور شمشاد بیگم زخمی ہوئیں ۔ زخمی افراد کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر بھاٹہ دھوڑیاں لیجایاگیاجہاںسے دونوں خواتین کو سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ جبکہ اخلاق خان کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے جہاں وہ زیر علاج ہیں ۔