عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//تازہ پیش رفت میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 17امیدواروں نے سول سروسز امتحان 2025 میں کامیابی حاصل کی ہے، جس کے نتائج جمعہ کے روز یونین پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے۔کمیشن نے مجموعی طور پر958امیدواروں کو انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS)، انڈین فارن سروس (IFS)، انڈین پولیس سروس (IPS) اور مختلف مرکزی خدمات میں تقرری کے لیے سفارش کی ہے۔ایم بی بی ایس گریجویٹ انوج اگنی ہوتری نے سول سروسز امتحان 2025 میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ راجیشوری سووے ایم اور اکانش ڈھل نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔یو پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری فہرست کے مطابق جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے جن 17امیدواروں نے حتمی میرٹ لسٹ میں جگہ بنائی ہے۔ ان میں سوان شرما (رینک 148)، سگندھا گپتا (207)، توصیف گنائی (254)، رتیکا (456)، سویش شیوم (572)، منیب پراہ (581)، غلام دین (683)، دوارکا گادھی (721)، آکاش (747)، کوہِ صفا (763)، یاسر (811)، ابھیشیک (820)، پنکج (856)، محمد اعجاز (869)، اظہر (886)، سرفراز (936)اور عرفان (957)شامل ہیں۔یہ نتائج اگست 2025 میں منعقدہ تحریری امتحان اور اس کے بعد دسمبر 2025سے فروری 2026 کے درمیان لیے گئے شخصیتی امتحانات (انٹرویوز) کے بعد جاری کیے گئے۔یو پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتیجے کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس امتحانی مرحلے کے لیے حکومت کی جانب سے رپورٹ کی گئی 1087اسامیوں کے مقابلے میں 958 امیدواروں کو تقرری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ان اسامیوں میں IAS کی 180، IFS کی 55، IPS کی 150، سنٹرل سروسز گروپ A کی 507 اور گروپ B کی 195نشستیں شامل ہیں۔منتخب کیے گئے امیدواروں میں سے 317جنرل زمرہ، 104اقتصادی طور پر کمزور طبقات ، 306 دیگر پسماندہ طبقات (OBC)، 158 درج فہرست ذاتوں (SC) اور 73درج فہرست قبائل سے تعلق رکھتے ہیں۔قواعد کے مطابق 258امیدواروں پر مشتمل ایک ریزرو فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔منتخب امیدواروں کی جانب سے پیش کردہ ریزرویشن زمرے سے متعلق دعووں کی تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے کی جائے گی۔یو پی ایس سی کے مطابق 348منتخب امیدواروں کی امیدواری عارضی طور پر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ دو امیدواروں کے نتائج کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔اس امتحان کے لیے9,37,876امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 5,76,793امیدواروں نے حقیقتاً امتحان میں شرکت کی۔ان میں سے 14,161امیدوار اگست 2025 میں منعقد ہونے والے تحریری (مین) امتحان کے لیے کامیاب قرار پائے۔بعد ازاں 2736امیدوار امتحان کے انٹرویو مرحلےکے لیے منتخب ہوئے۔یو پی ایس سی کے چیئرمین اجے کمارنے نتائج کے اعلان کا باضابطہ اعلان کیا اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔جموں و کشمیر سے کامیاب ہونے والے 17امیدواروں میں بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا ایک نابینا امیدوار بھی شامل ہے۔عرفان احمد لون،جو نائدکھئی کے علاقے منزپورہ کے رہائشی ہیں، کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ان کی کامیابی پر ضلع کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نوجوان امیدواروں کے لیے ایک متاثر کن مثال قرار دیا ہے۔