بانہال میں شاہراہ پر دلدوز حادثہ، جنوبی کشمیر کے 4 افراد لقمہ اجل

محمد تسکین

بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر منگل کی صبح ایک ٹرک پسی کی زد میں آنے سے چار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی صبح رام بن کے شیربی بی سلیاڈ علاقے میں بڑی چٹانیں کھسک آئیں، جس دوران جموں سے سرینگر کی طرف جانے والا ایک ٹرک زیر نمبر JK03J-0312 چٹانوں کی زد میں آ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرک میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ حادثہ کے فوراً بعد پولیس اور بانہال والنٹیرس کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور چاروں لاشوں کو نکال کر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت ڈرائیور محمد افضل گرو (42)، ان کا 36 سالہ بھائی محمد الطاف گرو ولد عزیر گرو سکنہ ریڈوانی کولگام، عرفان احمد (33)، ان کا 29 سالہ بھائی شوکت احمد ولد عبدالحمید سکنہ تریل سریگفوارہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔
رسمی قانونی و طبی لوازمات مکمل کرنے کے لاشوں کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔