عظمیٰ نیوز سروس
جموں// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)نے جمعہ کو شبیر احمد شاہ سمیت حریت کانفرنس کے چھ سینئر رہنمائوں کے خلاف 1996 کے ایک مقدمے کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کی جس میں مبینہ ہجومی تشدد، پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ اور سری نگر میں ایک جنازے کے دوران بھارت مخالف سرگرمیاں شامل تھیں۔جموں کی این آئی اے کی خصوصی عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں شبیر احمد شاہ، سید علی شاہ گیلانی، عبدالغنی لون، محمد یعقوب وکیل ، جاوید احمد میر اور شکیل احمد بخشی کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔این آئی اے کے مطابق، تمام چھ افراد پر رنبیر پینل کوڈ (RPC) 1989 کی متعلقہ دفعات کے تحت مجرمانہ سازش، قتل کی کوشش، ہنگامہ آرائی اور سرکاری ملازمین پر حملہ کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کی دفعہ 13 کے تحت چارج کیا گیا ہے۔ایجنسی نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی، عبدالغنی لون اور محمد یعقوب وکیل کے خلاف کارروائی ان کی موت کے بعد روک دی گئی۔ تاہم، اس نے برقرار رکھا کہ تحقیقات کے دوران جمع ہونے والے شواہد کی مدد سے چارج شیٹ مجرمانہ سازش اور غیر قانونی اجتماع میں ان کے مبینہ کردار کو ثابت کرتی ہے۔
این آئی اے کے مطابق یہ واقعہ 17 جولائی 1996 کو سری نگر کے ناز کراسنگ پر ملی ٹینٹ ہلال احمد بیگ کے جنازے کے دوران پیش آیا۔ایجنسی نے الزام لگایا کہ چھ حریت رہنمائوں نے مشترکہ طور پر جلوس کی قیادت کی اور پولیس اہلکاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کو ہوا دی۔ اس میں دعویٰ کیا گیا کہ مسلح ملی ٹینٹ جنازے کے جلوس میں گھل مل گئے تھے اور انہوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوئے، جب کہ شدید پتھرا ئومیں سرکاری گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔این آئی اے نے مزید الزام لگایا کہ ملزمان نے ہندوستان مخالف، پاکستان نواز اور علیحدگی پسند نعرے لگائے اور مسلح جدوجہد کی وکالت کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقریریں کیں۔تحقیقات کے مطابق تشدد حریت قیادت کی جانب سے جنازے کے جلوس کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر علیحدگی پسند نظریہ کی تشہیر، حکومت ہند کے خلاف عوامی حمایت کو متحرک کرنے، عوامی انتشار پھیلانے اور جموں کشمیر میں حریت کی تنظیمی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف تشدد کو ہوا دینے کی ایک بڑی، پہلے سے منصوبہ بند سازش کا حصہ بنا۔اصل میں 1996 میں واقعہ کے دن سری نگر کے شیر گڑھی پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ نے اپریل 2026 میں تحقیقات کو NIA کو منتقل کر دیا تھا۔