عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں ایک پراسرار دھماکے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور اس کا بھائی زخمی ہو گیا ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ نے بتایا، “ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلا ہے کہ چھاترو سب ڈویژن کے کوچھال سمبل گاؤں میں محمد عباس نائک کے گھر کے کچن میں ایک مشتبہ دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا”۔
اطلاع کے مطابق دونوں بھائی مورچیلا (گچھی) جمع کرنے کے لئے جنگل گئے تھے، انہیں ایک لاوارث چھڑی جیسی زنگ آلود چیز ملی جسے وہ گھر لے آئے اور باورچی خانے میں اسے گرم کرنے کے دوران دھماکہ ہوا”۔
افسر نے بتایا کہ پولیس نے حقیقت کا پردہ فاش کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اس دوران ذرائع نے بتایا کہ زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔