عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے مطلع کیا ہے کہ 8 واں مرکزی تنخواہ کمیشن آج 31 مئی سے 5 جون تک مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کرے گا اور مختلف سٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری ملازمین، یونینوں اور انجمنوں سے بات چیت کرے گا۔محکمہ خزانہ (کوڈز ڈویژن)کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری سرکیولرکے مطابق، کمیشن نے یکم جون 2026 کو جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ، صبح 11:00 بجے سے 1:00 بجے تک میٹنگ ہال CR-3، SKICC، قریب سینٹور ہوٹل، سری نگر میں ایک بات چیت اور پریزنٹیشن سیشن کا وقت مقرر کیا ہے۔
میٹنگ کی قیادت چیف سیکریٹری کریں گے اور مختلف محکموں کے سینئر افسران اس میں شرکت کریں گے۔ مدعو کیے جانے والوں میں جل شکتی، پاور ڈیولپمنٹ، سیاحت، زراعت، مالیات، پبلک ورکس (آر اینڈ بی) اور چیف منسٹر سیکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز شامل ہیں۔محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹریز، لیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کمشنر سیکرٹری، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، کمشنر سیکرٹری، قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کے محکمے اور محکمہ خزانہ کے تمام سربراہان کو بھی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔اس دورے کا مقصد تنخواہوں کے ڈھانچے، سروس کی شرائط اور 8ویں مرکزی تنخواہ کمیشن کی طرف سے جائزہ لینے کے عمل کے دوران غور کیے جانے والے دیگر مسائل کے بارے میں اسٹیک ہولڈرز سے معلومات اور نمائندگی اکٹھا کرنا ہے۔