بلال فرقانی
سرینگر// محکمہ تعمیرات عامہ کی وسطی ونگ سرینگر میں عملے کی شدید قلت کا انکشاف ہوا ہے، جہاں مختلف زمروں میں مجموعی طور پر 472 اسامیاں خالی پڑی ہیں۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسسٹنٹ انجینئر (سیول)، اسسٹنٹ انجینئر (مکینیکل) اور اسسٹنٹ انجینئر (الیکٹریکل) کی ایک، ایک اسامی خالی ہے۔ جونیئر انجینئر سطح پر 19 جونیئر انجینئر (سیول)، 33 جونیئر انجینئر (مکینیکل) اور 11 جونیئر انجینئر (الیکٹریکل) کی اسامیاں پْر نہیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ ڈرافٹس مین کی 2، جونیئر اسسٹنٹ کی 5، ڈرائیور کی 8 اور ورکس سپروائزر کی 4 اسامیاں بھی خالی ہیں۔ سب سے زیادہ کمی نچلے درجے کے عملے میں پائی گئی ہے جہاں اسنو کلیئرنس آپریٹر کی 40، اسنو کلیئرنس ہیلپر کی 38 اور آرڈرلی/ہیلپر/چوکیدار کی 307 اسامیاں خالی ہیں۔محکمہ کے چیف انجینئر نے بتایا گیا ہے کہ خالی اسامیوں کی تفصیلات انتظامی محکمہ کو بھرتی ایجنسیوں کے ذریعے کارروائی کے لیے بھیج دی گئی ہیں، تاہم تاحال تقرری کا عمل شروع نہیں ہو سکا جس کے باعث محکمہ کو عملی مشکلات کا سامنا ہے۔