سرینگر//جموں و کشمیر میں 67روز کے بعد کورونا وائرس کیسوں میں زبردست اچھال ریکارڈ کیا گیا اور متاثر ین کی تعداد 200سے پار ہوگئی ۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 51ہزار 834 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 29 مسافروں سمیت مزید 204افراد متاثر پائے گئے۔ اس سے قبل 16جولائی کو 221افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ تاہم گذشتہ 24گھنٹوں میں کوئی فوتیدگی نہیں ہوئی جو راحت کی بات ہے۔سرینگر بدستور متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد میں سر فہرست ہے۔جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 28ہزار 418ہوگئی ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 4419 بنی ہوئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر کے 8اضلاع میں کورونا وائرس سے 159افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ کولگام اورشوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر کے 159افراد میں سے ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچا جبکہ 158افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔کشمیر کے 159متاثرین میں سب سے زیادہ سرینگر میں 80، بارہمولہ میں 14، بڈگام میں 28، پلوامہ میں 7، کپوارہ میں 4، اننت ناگ میں 5، بانڈی پورہ میں 7 اور گاندربل میں 14افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 4ہزار 858ہوگئی ہے۔ اس دوران بدھ کو کشمیر میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔متوفین کی مجموعی تعداد2247بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میںگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 45افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 28بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 17افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 45متاثرین میں جموں میں 4،ادھمپور میں 1، راجوری میں 4، ڈوڈہ میں 1، کٹھوعہ میں 1، سانبہ میں 4، کشتواڑ میں 1، پونچھ میں 1، ریاسی میں 28جبکہ رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2172بنی ہوئی ہے۔
ملک میں یومیہ کیسز
۔27 ہزار سے زائد،214ہلاکتیں
یو این آئی
نئی دہلی // ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے تقریباً 27 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 214ہلاکتیں ہوئیں۔مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے بدھ کویہاں بتایا کہ ملک میں اب تک 82.65 کروڑ سے زائد لوگوں ویکسین دی جا چکی ہے ۔ ملک میں کورونا متاثرہ افراد کی شفایابی کی شرح 97.77 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے ۔وزارت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 26 ہزار 964 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔اعداد و شمار کے مطابق صبح 7 بجے تک مجموعی طور پر 82 کروڑ 65 لاکھ 15 ہزار 754 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 15،92،395 کوویڈ ٹسٹ کیے گئے ہیں۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 55 کروڑ 67 لاکھ 54 ہزار 282 کووڈ ٹسٹ ہوچکے ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34،167 مریض جان لیوا وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ جس سے یہ یہ تعداد بڑھ کر 3،27،83،741 ہوچکی ہے ۔
کووڈ سے اموات
لواحقین کو 50ہزار روپے دیئے جائینگے
نیوز ڈیسک
نئی دہلی //مرکزی سرکار نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس سے فوت ہونے والے ہر شخص کو ریاستی سرکاروں سے 50ہزار روپے بطور معاوضہ فراہم کیا جائیگا۔ مرکز نے کہا ہے کہ معاوضہ نہ صرف مرنے والے لوگوں کو ملے گا بلکہ مستقبل میں وائرس سے فوت ہونے والوں کو بھی معاوضہ دیا جائے گا۔ مرکزی سرکار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے لڑنے کی تیاریوں اور دیگر سرگرمیوں میں شامل افراد کو بھی فوت ہونے کی صورت میں یہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ مرکزی سرکار نے کہاکہ معاوضہ صرف ان ہی متوفین کے لواحقین کو ملے گا جنکی موت محکمہ صحت و خاندانی بہبودکے جانب سے ’’کویڈ موت‘‘ کیلئے واضح کئے گئے قوائد و ضوابط کے تحت ہوئی ہوگی۔ مرکزی سرکار نے کہا کہ رقومات ایس ڈی آر ایف سے فراہم کی جائیں گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ عدالت عظمیٰ نے چند دن قبل معاوضہ کیلئے قوائد و ضوابط واضع کرنے میں تاخیر پر اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹنے 30جون کو اپنے فیصلہ میں گھر کا ایک فرد کھونے کی پاداش میں اہلخانہ کو معاوضہ فراہم کرنیکا حکم دیا تھا۔ مرکزی سرکار نے سپریم کورٹ میں دائر کئے گئے حلف نامہ میں کہا ہے کہ ضروری لوازمات مکمل کرنے کے بعد محض 30دنوں کے اندرضلع انتظامیہ معاوضہ فراہم کرے گی۔