عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کرائم برانچ کی اکنامک آفینسز وِنگ نے 55.11 لاکھ روپے کے پراپرٹی فراڈ کیس میں ایک ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ایف آئی آ نمبر 10/2026 کے تحت معراج الدین ڈار کے خلاف انڈین پینل کوڈ سیکشن 420 کے تحت سری نگر کی سٹی جج عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ اس میں جائیداد کے لین دین میں دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ای او ڈبلیو کے مطابق، یہ معاملہ ایک تحریری شکایت سے شروع ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم ایک عادی مجرم ہے اور اس نے سادہ لوح لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے منظم منصوبہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق رقم حاصل کرنے کے بعد ملزم نے جان بوجھ کر اپنے وعدے پورے نہیں کیے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مذکورہ جائیداد اپنی بیوی کے نام منتقل یا رجسٹر کر دی۔ای او ڈبلیو نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد تفصیلی تفتیش کی گئی، جس میں ابتدائی طور پر یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے رہائشی مکان فروخت کرنے کے بہانے شکایت کنندہ سے 55.11 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ رقم لینے کے باوجود اس نے وہی جائیداد کسی دوسرے شخص کو فروخت کر دی۔تحقیقات کے نتیجے میں یہ پایا گیا کہ ملزم کا عمل تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 کے تحت قابلِ دست اندازی جرم ہے۔ اس معاملے میں عدالتی فیصلے کے لیے مجاز عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے۔