سرینگر//پچھلے 5دنوں میں بینک ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات میں مسلح نقاب پوش سرینگر سے ملحقہ پنزی نارہ ایچ ایم ٹی علاقہ میں موجود گرامین بینک سے بندوق کی نوک پر تین لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق بعددوپہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ پنزی نارہ مجہ گنڈ میں موجود گرامین بینک کی شاخ میں تین نامعلوم مسلح افراد نقاب پہن کر داخل ہوئے اور بنک میں موجود ملازمین کوبندوق دکھاکر ڈرایا دھمکایا۔ اس موقع پر تین نقاب پوش مسلح افراد نے بندوق کی نوک پرساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم چھین لی اور وہاں سے فرار ہوگئے۔جس کے فوراً بعد بینک ملازمین نے پولیس کواس واقعہ کی اطلاع دی اورپولیس تھانہ پارمپورہ سے ایک ٹیم وہاں پہنچ گی۔ بینک ملازمین نے پولیس کوبتایاکہ کم سے کم تین نامعلوم مسلح نقاب پوش بینک میں داخل ہوئے اورانہوں نے بندوق کی نوک پرملازمین کوسخت خوفزدہ کیا اور بنک میں موجود ساڑھے تین لاکھ روپے لوٹ لئے۔پولیس نے بتایاکہ ملوث نقاب پوش لٹیروں کی شناخت عمل میں لانے کی کوشش شروع کردی گئی ہے۔ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل نے کہاکہ پولیس کی ٹیم نے بینک کی شاخ میں جاکر بنک ڈکیتی واردات کے حوالے سے جانکاری حاصل کرلی ہے۔انہوں نے کہاکہ بینک ڈکیتی کی اس تازہ واردات میں ملوث افرادکی شناخت عمل میں لانے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ 12مارچ کونامعلوم پستول برداروں نے کنزرٹنگمرگ میں واقع گرامین بینک کی شاخ میں داخل ہوکر وہاں سے 2لاکھ 24ہزار روپے کی رقم دن دھاڑے لوٹ لی تھی ۔