شاہد ٹاک
شوپیاں //ضلع شوپیان میں نالہ رمبی آرہ میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے چار سالہ معصوم بچے کی لاش جمعہ کی صبح مسلسل پانچ روزہ تلاش کے بعد برآمد کر لی گئی۔ یہ کمسن بچہ، جو ٹکنہ پلوامہ کا رہائشی تھا، رواں ہفتے کے اوائل میں دبجن علاقے کے نزدیک تیز بہاووالے نالہ رمبی آرہ میں پھسل کر ڈوب گیا تھا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ کئی روز تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد بچے کی لاش شوپیان کے گْر چمب ہیرپورہ علاقے کے قریب سے برآمد کی گئی۔ نالہ میں پانی کا بہاو کافی تیز ہونے کی وجہ سے تلاش میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور اسی سبب لاش فوری طور پر نہیں مل سکی۔
ریسکیو آپریشن میں جموں و کشمیر پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف کے اہلکاروں کے علاوہ مقامی رضاکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا اور دن رات مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مختلف اضلاع سے شوپیان پہنچے اور صبح سویرے سے شام دیر تک اس معصوم بچے کی تلاش میں مصروف رہے۔مسلسل پانچ روز کی محنت، دعاوں اور مشترکہ کوششوں کے بعد آخرکار بچے کی لاش برآمد کر لی گئی، جس پر علاقے میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہو گئی۔لاش کو ضروری طبی و قانونی کارروائیوں کے بعد جب آبائی علاقہ پہنچائی گئیں تو ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اس کے نمازجنازہ میں شرکت کی ۔واضح رہے کہ پانچ روز قبل یہ کم سن بچہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مغل روڈ کے دبجن علاقے میں سیر و تفریح کے لیے آیا تھا، جہاں اچانک اس کا پاوں پھسل گیا اور وہ تیز بہاو والے پانی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔