۔5اگست2019کے بعد جموں صوبے میں ملی ٹنٹ سرگرمیاں | 27افراد لقمہ اجل ،68زخمی ۔25سیکورٹی اہلکاراور2عام شہری شامل ،VDGs تشکیل: مرکز ی وزارت داخلہ

نیوز ڈیسک
جموں// مرکز ی وزارت داخلہ نے بدھ کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ 5 اگست2019 سے جموںصوبے میں ملی ٹنٹ حملوں میں25 سیکورٹی اہلکاروں اور 2 عام شہریوں سمیت27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ایک رکن پارلیمان کے سوال کے تحریری جواب میںمرکزی وزیر مملکت برائے امورداخلہ نتیا نندرائے نے ایوان بالا کویہ جانکاری فراہم کی کہ 5 اگست2019 سے جموںصوبے میں ملی ٹنٹ حملوں میں25 سیکورٹی اہلکاروں اور 2 عام شہریوں سمیت27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملی ٹنٹ حملوںمیں جو25سیکورٹی اہلکار اپنی جانیں گنوا بیٹھے ،اُن میں سے جموںمیں2019اور2022میں ایک ایک ،ضلع راجوری میں سال2019میں2اورسال2021میں5اورسال2022میں4سیکورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ ضلع پونچھ میں سال2019میں9،رام بن ضلع میں ایک ،سال2020میں ضلع کشتواڑ میں ایک ،ضلع ڈوڈہ میںسال2020میں ایک،اور ضلع اودھم پور اورضلع راجوری میں سال2021اور2022میں ایک ایک سیکورٹی اہلکارکی ملی ٹنٹ حملوںمیں جان چلی گئی ۔مرکزی وزیر مملکت برائے امورداخلہ نے مزید کہا کہ5اگست2019کے بعد 48 سیکورٹی اہلکار ملی ٹنٹوںکے حملوں میں زخمی ہوئے ہیں، جن میں 2019 میں10، 2020 میں4،2021 میں 14 اور 2022 میں15 اوراس دوران ملی ٹنٹ حملوں میں20 عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے2020 ایک،2021 میں9 اور2022 میں19شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت برائے امورداخلہنے کہا کہ ولیج ڈیفنس گروپ اسکیم، جو کہ حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے 1995 میں مطلع کی گئی تھی، نے ولیج ڈیفنس کمیٹیوں (VDC) کی تشکیل کا تصور نہیں کیا تھا۔ تاہم، اسکیم کے لحاظ سے، ولیج ڈیفنس گروپس (VDGs) کو تشکیل دیا جانا تھا۔انہوںنے کہاکہ گاؤں کے تحفظ کیلئے1995 کی اسکیم کے مطابق، جموں ڈویژن کے پونچھ اور راجوری کے اضلاع میں پہلے ہی گاؤں کے دفاعی گروپ تشکیل دیے گئے ہیں۔14اگست2022 کو حکومت جموں و کشمیر کے ذریعہ مطلع کردہ ولیج ڈیفنس گارڈز اسکیم (VDGs) کے مطابق، 1995 کی اسکیم میں پہلے ہی غیر محفوظ علاقوں کے طور پر اعلان کردہ علاقوں،گاؤں کے علاوہ، کوئی دوسرا علاقہ،گاؤں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعہ زیادہ کمزور علاقہ سمجھا جاتا ہے، اس طرح کے دوسرے علاقے،گاؤں میں اسکیم کے اطلاق کی ضرورت کے پیش نظر، حکومت ایک حکم کے ذریعے ایسے دوسرے علاقے،گاؤں کو اسکیم کے مقصد کے لیے زیادہ کمزور علاقہ قرار دے سکتی ہے۔