جموں//پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں جیش محمد کی سرگرمیوں کے لیے مبینہ طور پر مالی معاونت کرنے کے لیے سدھرا سے 43 لاکھ روپے نقد کے ساتھ تین اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کیا گیاہے۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے کہاکہ ان کے پاس پنجاب سے جنوبی کشمیر میں نقدی لے جانے کی کوشش کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات تھیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ ایس ڈی پی او نگروٹہ کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جموں سری نگر قومی شاہراہ پر نگروٹہ علاقے میں سدھرا پل پر ایک فعال ناکا لگایا۔انہوںنے کہا"دوران تلاشی ایک گاڑی جس کا رجسٹریشن نمبر DL-1ZB 8261 تھا، کو چیکنگ کے لیے روکا گیا۔ کار میں سفر کرنے والے مردوں سے ان کی نقل و حرکت کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی لیکن وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔تاہم، ان کی ذاتی تلاشی اور گاڑی کی مکمل تلاشی پر، نقدی کے 2 بیگ برآمد ہوئے اور ان کے قبضے سے کل نقد 43 لاکھ روپے برآمد ہوئے‘‘۔انہوں نے مزید کہا "مشتبہ افراد سے مزید پوچھ گچھ سے یہ واضح ہوا کہ یہ رقم پنجاب سے جنوبی کشمیر میں جیش محمد کی سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے منتقل کی جا رہی تھی"۔انہوں نے مزید کہا کہ "یہ گرفتار افراد جنوبی کشمیر میں بیٹھے ہینڈلرز اورملی ٹنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھے"۔مقدمہ ایف آئی آر نمبر 429 آف 2021 سیکشن 13/17 یو ایل اے (پی) ایکٹ 1967 کے تحت پولس اسٹیشن نگروٹہ میں درج کیا گیا اور تفتیش شروع کردی گئی۔گرفتار ملزمان کی شناخت فیاض احمد ڈار ولد عبدالرحمن ڈار ساکنہ گائوں مشی پورہ یاری پورہ کولگام، عمر فاروق ولد فاروق احمد ملک ساکنہ پلوامہ اور معظم پرویز ولد پرویز احمد ملک ساکنہ ڈیلی پورہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ایس ایس پی جموں نے یہ بھی کہا کہ "پیسہ ملی ٹینسی کی فنڈنگ کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا اور جموں و کشمیر کے باہر سے ان فنڈز کے ذرائع بھی جلد ہی بک کیے جائیں گے جبکہ اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے‘‘۔