سمت بھار گو
راجوری//راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ شدید برف باری کے باعث مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس شاہراہ پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق مغل روڈ کے مختلف حصوں پر چار سے پانچ فٹ تک برف جمع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر ناممکن ہو گئی ہے۔
برف کی بھاری تہیں سڑک کے پورے حصے پر پھیلی ہوئی ہیں، جس سے حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے بار بار عوامی اعلانات جاری کرتے ہوئے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ احکامات تک مغل روڈ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ موجودہ موسم اور سڑک کی حالت کے پیش نظر اس راستے پر سفر کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں شدید سے شدید ترین برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث مغل روڈ کے پورے حصے میں بڑے پیمانے پر برف جمع ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم کی ناسازگار صورتحال کے سبب فی الحال سڑک کی صفائی اور بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جا سکا ہے۔انتظامیہ کے مطابق خراب موسم، کم درجہ حرارت اور مسلسل برف باری کی پیش گوئی کے باعث برف ہٹانے کی کارروائی شروع کرنا فی الوقت ممکن نہیں، تاہم موسم میں بہتری آتے ہی اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثنا، حکام نے مسافروں اور مقامی لوگوں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں اور کسی بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حالات معمول پر آنے تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔