سمیت بھارگو
جموں// کٹھوعہ ضلع کے ایک دور افتادہ گائوں میں بدھ کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم ہوا۔حکام نے بتایا کہ انکائونٹر شام کے وقت بلاور کے کہوگ گائوں میں شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز نے دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔جموں کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، بھیم سین توتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایس او جی کٹھوعہ نے کماد نالہ، کٹھوعہ کے جنگل میں ملی ٹینٹوں کو محاصرے میں لیکر دو طرفہ فائرنگ میں مصروف کیا ہے۔”پولیس کے مطابق شام 4 بجے کے قریب بلور تھانہ علاقے کے تحت کماد نالہ پر مقامی لوگوں نے ایک ملی ٹینٹ کو دیکھا۔اسکے بعد انہوں نے پولیس کا مطلع کیا جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ وہی ملی ٹینٹ ہو سکتا ہے جسے بدھ کی صبح دھنو پیرول پر دیکھا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لیے کمک گائوں میں بھیج دی گئی ہے اور علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں تین سے چار جیش محمد سے وابستہ ملی ٹینٹوں کی موودگی ہوسکتی ہے جو ابتدائی مرحلے میں محاصرے میں لئے جاچکے تھے۔ پولیس نے تاہم کہا کہ آپریشن کے آغاز پر ہی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد خاموشی چھا گئی۔ آپریشن کو جمعرات کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ہے۔