عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ 3جون کو جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے قانون سازوں کی میٹنگ بلائی ہے تاکہ اجتماعی اہمیت کے معاملات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر غور کیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ذاتی طور پر تمام پارٹی ایم ایل ایز کو میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ عمر عبداللہ نے قانون سازوں کو لکھا ہے کہ اجلاس میں اجتماعی اہمیت اور عوامی بہبود کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔یہ میٹنگ وزیر اعلیٰ کی گپکار رہائش گاہ پر 3 جون کو صبح 10:00 بجے ہونے والی ہے۔یہ ملاقات اس لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ عمر عبداللہ نے عید کے بعد کوئی بڑا سیاسی بیان دینے کا عندیہ دیا تھا۔ 6 مئی کو ٹنگمرگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ “بادل پھٹنے کی طرح پھٹنا چاہتے ہیں” لیکن انہوں نے مزید کہا کہ وہ عید کے بعد عوامی اجتماع میں کھل کر بات کریں گے۔اگرچہ میٹنگ کا مخصوص ایجنڈا معلوم نہیں ہے، لیکن دعوت نامے میں “اجتماعی اہمیت کے معاملات” کا ذکر بتاتا ہے کہ ریاستی حیثیت جیسے وسیع تر مسائل پر بات کی جا سکتی ہے۔سی ایم نے 11 مئی کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی ملاقات کی تھی اور ریاست کی بحالی، بزنس رولز، ریزرویشن کو معقول بنانے اور عوامی فلاح و بہبود، بہبود اور حکمرانی سے جڑے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ادھروزیر اعلیٰ نے پارٹی کے قانون سازوں کے ساتھ منعقد ہو نے والی میٹنگ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کے بارے میں سب سے زیادہ تبصرے کرنے والے وہ ہیں جو اس کے بارے میں کم سے کم جانتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں، عمر عبداللہ نے سیاسی مخالفین اور مبصرین پر واضح تنقید کی جو نیشنل کانفرنس کے ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ کے مقصد اور نتائج کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔عبداللہ نے لکھا، مجھے پسند ہے کہ وہ لوگ جو میں نے اپنے ایم ایل ایز کے ساتھ بلائی ہوئی میٹنگ کے بارے میں کم سے کم جانتے ہیں وہ سب سے زیادہ بات کر رہے ہیں۔ ایک بات یاد رکھیں ،جو جانتے ہیں وہ بولتے نہیں ہیں اور جو بولتے ہیں وہ اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔عبداللہ نے اشارہ کیا کہ جو لوگ براہ راست بات چیت سے واقف ہیں، وہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جب کہ اس عمل سے باہر، خاص طور پر اپوزیشن کے اراکین، عوامی تبصروں میں مصروف ہیں۔