جموں//جموں و کشمیر بھر میں عہدیداروں کی تقرری کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر میں 28 اور 29 اکتوبر کو دو روزہ حلف برداری کی تقریب منعقد کرنے جا رہی ہے۔یہ ایک بہت بڑی تقریب حلف برداری ہوگی جس میں 1450 عہدیداران حلف لیں گے اور اس کے بعد اپنے تنظیمی کام کا آغاز کریں گے۔عام آدمی پارٹی کے ریاستی انچارج درگیش پاٹھک ان حلف کی تقریبات کے دوران عہدیداروں کو حلف دلائیں گے۔درگیش پاٹھک پارلیمانی ایکشن کمیٹی (PAC) کے رکن، نیشنل آرگنائزیشن بلڈنگ انچارج اور دہلی قانون ساز اسمبلی کے ایم ایل اے بھی ہیں۔پریس بیان میں عام آدمی پارٹی نے بتایا کہ 28 اکتوبر کو جموں اور 29 اکتوبر کو کشمیر میں دو روزہ حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی۔جموں میں 28 اکتوبر کو تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 800 عہدیداران کو حلف دلایا جائے گا۔اس تقریب کے دوران جموں و کشمیر کی ریاستی اکائیوں، جموں صوبے کی صوبائی اکائیوں اور جموں صوبے کی ضلعی اکائیوں کے عہدیداران کو حلف دلایا جائے گا جس میں عام آدمی پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود رہیں گے۔دوسری تقریب حلف برداری کشمیر میں 29 تاریخ کو منعقد کی جائے گی جس میں کشمیر کی صوبائی اکائیوں اور کشمیر صوبے کی ضلعی اکائیوں کے عہدیداران حلف لیں گے۔عام آدمی پارٹی نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی میں تنظیم سازی ایک اہم پہلو ہے اور عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر میں تنظیم سازی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور عہدیداروں کی تقرری اس میں ایک اہم قدم ہے۔مزید، عام آدمی پارٹی نے یہ بھی کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شمولیت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کو جموں و کشمیر کے کونے کونے میں قبول کیا جاتا ہے اور اب وہ زندگی کے تمام شعبوں میں پہلی پسند ہے۔