عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وادی کشمیر میں موسم کی صورتحال بدستور غیر متوقع ہورہی ہے۔تقریباً ہر روز سہ پہر بعد تیز ہوائیں چلنے، کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی درجے کی بارش اب معمول بنتی جارہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجود ہ موسمی صورتحال 21مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔ بدھ کی شام تیز ہوائیں چلیں اورجنوبی کشمیر میں کئی مقامات پت اولے بھی پڑے۔ ہلکی بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا لیکن مختصر وقفے کے بعد موسم میں ٹھہرائو آگیا۔جمعرات کو سہ پہر بعد موسم ابر آلود رہا اور شام کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوئی۔محکمہ کے مطابق کشمیر کے کچھ حصوں پر بادل جمع ہونے سے بکھری ہوئی بارش اور گرج چمک کی سرگرمیاں شروع ہو ئیں۔چند مقامات پر تیز ہوائوں، آسمانی بجلی اور الگ تھلگ ژالہ باری کے ساتھ مقامی طور پر بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ۔
جنوبی کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان نسبتاً زیادہ امکان ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ15-16 مئی تک جزوی طور پر ابر آلود موسم میںہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائوں کے ساتھ کئی بکھرے ہوئے مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق 15اور 16مئی کو زیادہ سرگرمی رہ سکتی ہے۔البتہ17-18 مئی کو موسم عام طور پر خشک رہے گا۔19-20 مئی کوبکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ21 مئی کو بھی ابر آلود موسم رہنے کے ساتھ الگ تھلگ مقامات پر بارش کا مختصر وقفہ ہوسکتا ہے۔محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ22-25 مئی کے درمیان موسم عام طور پر خشک رہے گا۔