غلام نبی رینہ
کنگن// سال۔ 2026 سیاحتی شعبے کے لئے نئی نوید لے کر آیا ہے۔ یکم جنوری سے بیس جنوری تک 75ہزار سیاح سونہ مرگ وارد ہوئے،جن میں 69369ملکی 1115غیر ملکی 4860مقامی سیلانی شامل ہیں۔ سونہ مرگ میں ہر دن ملکی غیر ملکی سیاحوں کے وارد کشمیر ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، جس سے سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کے چہروں پر مسکراہٹ پیدا ہوئی ہے۔ پہلگام حملے کے بعد اگرچہ وادی کشمیر میں سیاحتی شعبہ متاثر ہوا تھا ، تاہم 2026 شروع ہونے کے ساتھ ہی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد سیاحتی شعبے کے لئے ایک خوش آئند بات ہے۔ اس دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلال مختار ڈار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جو سنو بائکرس سونہ مرگ میں چل رہے ہیں ان کو جلد ہی ایک مخصوص جگہ فراہم کی جائے گی تاکہ سونہ مرگ کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ان سنو موبائل بائکرس کا روزگار بھی برقرار رہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ برس ان سنو موبائل بائکرس مالکان نے فی بائکس کا 75ہزار روپے اتھارٹی کے کھاتے میں جمع کیا ہے اور اس وقت ان سے کہا گیا تھا کہ انہیں بائیکس چلانے کے لئے ایک مخصوص جگہ فراہم کیجائے گی لیکن ابھی تک ان کو کوئی مخصوص جگہ فراہم نہیں کی گئی ، جس کی وجہ سے انہیں کئی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہیں۔ تاہم سی ای او نے یقین دلایا کہ جلد ہی ان کو ایک مخصوص جگہ فراہم کی جائے گی۔