عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی نے سال 2022 کے منشیات دہشت گردی کیس میں پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں کلیدی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اونتی پورہ کا ملزم عبدالرشید بٹ 2 سال سے زائد عرصے سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے عدالت نے ایس آئی اے کشمیر کی ایف آئی آر 19/2022میں ایک اشتہاری مجرم قرار دیا تھا۔بیان کے مطابق ’’ رشید اب تک اس کیس میں گرفتار ہونے والا تیسرا مفرور ہے۔اس کی گرفتاری سے لشکر طیبہ سے چلنے والے نارکو ٹیرر ماڈیول کیلئے ایک شدید دھچکا ہے جسے پاکستان میں موجود ہینڈلرز کی حمایت حاصل ہے‘‘۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ماڈیول کرناہ سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب ڈیڈ ڈراپ کنسائنمنٹس کے ذریعے منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ اور اس کے بعد پوری وادی میں نقل و حمل اور فروخت میں ملوث تھا۔انہوں نے کہا کہ ان نشہ آور مادوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو بعد میں جموں و کشمیر میں گھٹتی ہوئی دہشت گردی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اب تک اس معاملے میں متعدد چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہیں۔ اس گرفتاری کے ساتھ ایس آئی اے کو کچھ اہم روابط کھلنے اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کی امید ہے جو زیر سماعت مقدمے کی تکمیل کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔