عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بجبہاڑہ کے یورن ہال علاقے میں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین ماہ کا شیر خوار بچہ جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔حادثہ پیکس آٹوموبائل کے قریب پیش آیا، جہاں آٹو لوڈ کیریئر اور ایکسٹریم گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔حکام کے مطابق آٹو لوڈ کیریئر کو شبیر احمد ڈار ساکن جبلی پورہ چلا رہا تھا، جبکہ دوسری گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت تین ماہ کے زید اور تقریباً تیس سالہ سمی جان کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، تاہم شیر خوار بچہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔خاتون کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے اور دوسری گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھرگجرات سے تعلق رکھنے والی سیاح خاتون سوموار کی رات دیر گئے سرینگر کے ایک ہوٹل میں اپنے کمرے میں بے ہوش پائی گئی اور بعد میں اسے اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا ۔ حکام کے مطابق خاتون کی شناخت 47 سالہ نکیتا بین ساکنہ گجرات کے بطور ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سونہ وار میں ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھی جب رات گئے اسے اس کے رشتہ داروں نے بے ہوش پایا۔خاندان والوں نے اسے فوری طور پر طبی علاج کیلئے پارس اسپتال منتقل کیاتاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیاپولیس نے موت کے ارد گرد کے حالات کا پتہ لگانے کیلئے قانونی اور طبی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر 32 سالہ شہری مہجور نگر سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ خودکشی کی کوشش میں شدید طور پر جھلس گیا اور اسے علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ شہری کی شناخت زید امین کے طور پر ہوئی ہے جو مہجور نگر کا رہائشی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد اسے شدید جھلسنے کے زخموں کے ساتھ ایس ایم ایچ ایس اسپتال لایا گیا۔