عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شمالی کشمیر کے گلمرگ سیکٹر کے قریب بدھ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔یہ دھماکہ دوپہر کے وقت گلمرگ سیکٹر کے فارورڈ ایریاز کے قریب ہوا۔ دھماکے میں ایک فوجی زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر جائے وقوعہ سے نکال لیا گیا۔ زخمی فوجی کو علاج کے لیے بیس ہسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ادھرضلع پونچھ میں بدھ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک 16 سالہ لڑکا زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت بلال احمد ولد محمد شفیق ساکن بن پاتھ کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بٹڑ نالہ سے ٹریکٹر میں ریت لوڈ کر رہا تھا کہ اس دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔اسے فوری طور پر علاج کے لیے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا۔