سرینگر //کشمیر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران متاثر ہونے والے ایک لاکھ سے زائد افراد میں سے صرف 23404میںآکسی میٹر تقسیم کئے گئے ہیں۔ 8مئی کو لیفٹنٹ گورنر منوج سہنا کی جانب سے تمام کورونا متاثرین کو آکسی میٹر اور دیگر ادویات مفت فراہم کرنے کے اعلان کے بعد سرکار نے وادی کے مختلف اضلاع کو 41322آکسی میٹر فراہم کئے ہیں تاہم ان میں سے صرف 23404متاثرین کو مفت آکسی میٹر اور ادویات فراہم کئے گئے ہیںجبکہ دیگر 79ہزار404متاثرین کو آکسی میٹر اور کورونا مخالف ادویات بازار سے ہی خریدنی پڑی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق محکمہ صحت نے اننت ناگ ضلع کیلئے 8243آکسی میٹر فراہم کئے لیکن ان میں صرف 7441متاثرین کو ہی آکسی میٹر فراہم کیا گیا ۔محکمہ صحت کی جانب سے بانڈی پورہ ضلع کو 710آکسی میٹر فراہم کئے گئے لیکن یہاں1416متاثرین کو آکسی میٹر فراہم کئے گئے۔ بارہمولہ ضلع کو محکمہ صحت کی جانب سے آکسی میٹر فراہم نہیں کئے گئے ہیں اور ضلع میںکسی بھی مریض کو مفت آکسی میٹر فراہم نہیں کیا گیا ۔ بڈگام ضلع کوصرف 1329آکسی میٹر فراہم کئے گئے لیکن یہاں مریضوں میں 11960آکسی میٹر تقسیم کئے گئے۔ گاندربل ضلع کیلئے محکمہ صحت نے 1025آکسی میٹر فراہم کئے لیکن یہاں صرف 162آکسی میٹر تقسیم کئے گئے ہیں۔کولگام ضلع کو محکمہ صحت نے 10890آکسی میٹر فراہم کئے لیکن یہاں بھی صرف متاثرین میں246آکسی میٹر تقسیم کئے گئے۔ کپوارہ ضلع کو 10ہزار 50آکسی میٹر فراہم کئے گئے جن میں صرف 360متاثرین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔پلوامہ ضلع کو صرف 625آکسی میٹر فراہم کئے گئے اور یہاں سبھی آکسی میٹر متاثرین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔شوپیان ضلع کو محکمہ صحت نے 5450آکسی میٹر فراہم کئے لیکن یہاں صرف 27متاثرین کو آکسی میٹر فراہم کیا گیا ۔ سرینگر شہر کے مختلف اسپتالوں کو 3ہزار آکسی میٹر فراہم کئے گئے جن میں صرف 1157متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر میر مشتاق نے بتایا کہ اگر ایک کنبہ میں صرف ایک شخض متاثر ہے تو اسکو بھی آکسی میٹر فراہم کیا گیا لیکن دوسری لہر میں زیادہ تر کنبوں میں کئی افراد مبتلاء تھے، اسلئے وہاں ایک کنبہ کو ایک ہی آکسی میٹر فراہم کیا گیا ہے‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے گورنر منوج سنہا نے 8مئی کو تمام کورونا متاثرین کو کویڈ کٹ مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں آکسی میٹر ، تھرما میٹر اور دیگر ادویات شامل ہوتی تھیں۔