جموں//آل پارٹیز مائیگرنٹ کوارڈینیشن کمیٹی ( اے پی ایم سی سی ) کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ کمیٹی کے چیئرمین ونود پنڈت کی سربراہی میں وفد نے لفٹینٹ گورنر کو کشمیری پنڈت برادری کے مختلف فلاحی امور سے آگاہ کیا ۔ وفد کے ارکان نے وزیر اعظم کے خصوصی ملازمت پیکیج کے تحت کام کرنے والے کشمیری مہاجر ملازمین کے معاملات کی طرف بھی لفٹینٹ گورنر کی توجہ مبذول کرائی ۔ وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کی یکساں اور جامع ترقی کے اصولوں پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈت برادری کی فلاح و بہبود کیلئے 6000 اسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور انہیں مرحلہ وار حل کیا جائے گا ۔