عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 10 جون تک موسم عام طور پر گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 11 جون کے بعد سے کئی مقامات پر بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی، ژالہ باری اور تیز ہوائوں کی وارننگ دی ہے۔ ڈائریکٹر میٹرولوجیکل سنٹر سرینگر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ موسم کی صورتحال 7 جون سے 10 جون تک بڑے پیمانے پر گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، حالانکہ دوپہر کے اوقات میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ 11 جون سے 14 جون تک، موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہلکی اور مختصر یا شدید بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان، بجلی چمکنے اور تیز ہوائوں کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بہت سے مقامات متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے طوفان، آسمانی بجلی، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے امکان کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ اس عرصے کے دوران الگ تھلگ جگہوں پر کچھ تیز بارشیں ہوں گی۔انہوں نے مزید خبردار کیا کہ کشمیر اور جموں ڈویژن کے کچھ حصوں میں مختصر شدید بارش 11 جون سے 14 جون کے درمیان خطرناک علاقوں میں سیلاب، مٹی کے تودے اور مقامی سطح پر سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے رہائشیوں، کسانوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور پیشین گوئی کی مدت کے دوران موسم کی سرکاری اپ ڈیٹس پر عمل کریں۔