سرینگر// قائمقام ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے منگل کو کہا ہے کہ اسکول ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق یکم مارچ سے چلے گا جب اسکول سرمائی چھٹیوں کے بعد پورے کشمیر صوبے میں کھلیں گے۔انہوں نے یہ بات نجی اسکول ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کے بعد کہی جس میں اسکول ٹرانسپورٹ کے آپریشن سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن محمد یونس ملک بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ حکومت اسکولوں کے ٹرانسپورٹ چارجز سے متعلق خدشات کو سمجھتی ہے اور یقین دلایا کہ ان معاملات کو حل کیا جائے گا اور اس انداز سے حل کیا جائے گا جو دونوں فریقین کے موافق ہوں۔انہوں نے کہا کہ طلبا کو ٹرانسپورٹ سروس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، اس معاملے میں موجود خدشات کو حل کرنا ہے ، جن کو جلدحل کر لیا جائے گا۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے اجلاس کوبتایا کہ حکومت کی فیس فکسشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹ فیس کے ڈھانچے سے متعلق موجود نجی اسکولوں کے خدشات جلد حل ہوجائیں گے۔اجلاس میں اسکولی بچوں کے والدین کی انجمنوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر شاہد نے ان کے خدشات کو نوٹ کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ یکم مارچ سے اسکولوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق رہے گی جب کشمیر کے اسکول دوبارہ کھلیں گے۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر اکرم اللہ ٹاک اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد حنیف بلخی بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔دریں اثنا ، مارچ 2020 میں COVID-19 کے پھیلنے کے بعد کشمیر ڈویڑن میں اسکول پہلی بار دوبارہ کھلیں گے۔