سرینگر لیہہ شاہراہ پرٹریفک بحال، سونہ مرگ میں سنو بائیکس پر محدود پابندی
عظمیٰ نیوز سروس+غلام نبی رینہ
سرینگر+کنگن // وادی کشمیر اور خطہ چناب میں آئندہ ہفتے کے دوران موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یکم فروری سے موسم ایک بار پھر کروٹ لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم فروری کوزیادہ تر خشک موسم متوقع ہے۔ البتہ چند حصوں، خاص طور پر وادی چناب میں، ہلکی بارش/برفباری ہو سکتی ہے۔یکم فروری کی شام/رات کو، جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش/برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
سونمرگ-دراس، اور گریز-تلیل ویلی پر بھی برف باری کی سرگرمی ممکن ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ 2فروری کوخشک موسم غالب رہنے کی توقع ہے۔البتہ3 فروری کوتازہ مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر، جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش/برف کی سرگرمیاں متوقع ہیں۔محکمہ کے مطابق4 – 6 فروری کوخشک موسم رہنے کا امکان ہے۔ 7فروری کو عمومی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا اور کچھ جگہوں پر بارش یا ہلکی برفباری ہوسکتی ہے جبکہ 8-10فروری تک موسم خشک رہے گا۔
شاہراہ
سرینگر لیہہ قومی شاہراہ کے زوجیلا پاس محور پر ٹریفک کی نقل و حرکت علاقے میں حالیہ شدید برف باری کی وجہ سے معطل رہنے کے بعد ہفتہ کو بحال کردی گئی۔حکام نے بتایا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے شدید برف باری کے بعد موسمی حالات میں بہتری کے بعد زوجیلا پاس پر برف صاف کرنے کا کام شروع کیا جہاں تقریبا ًتین سے چار فٹ برف پھیلی ہوئی ہے۔ہائی وے کو قبل از وقت احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کر دیا گیا تھا اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد جمعرات کو برف صاف کرنے کا کام شروع ہو گیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سڑک صاف ہونے کے بعد کرگل کی طرف سے ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کردی گئی۔ادھرسونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سنیچر کو سنو موبائل بائیک چلانے پر عارضی پابندیوں کا اعلان کر کے ان کے استعمال کو دو مخصوص مقامات تک محدود رکھا۔ سرکیولرکے مطابق، سنو موبائل بائیک کو فی الحال صرف شٹکڑی اور تھجواس گیٹ کے ایکو انوائرمنٹ پارک کے قریب چلانے کی اجازت ہوگی۔سنو موبائل بائیک آپریشن کے لیے ایک مستقل، مکمل طور پر نامزد علاقے کی نشاندہی اور سفارش کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد، سنو موبائل بائیک کے مالکان کو مناسب مستقل جگہیں الاٹ کر دی جائیں گی۔