کیف //مشرقی یوکرین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے روس کے حملے اور یورپ میں جنگ کے خدشات کو اس وقت مزید بڑھا دیا جب ایک انسانی امدادی قافلہ گولہ باری کا نشانہ بنا جبکہ روس نواز باغیوں نے تنازعات کے علاقے سے شہریوں کو نکالنا شروع کردیا۔ رپورٹ کے مطابق کریملن نے اپنے فوجی دستوں کی تیاری کے لیے بڑے پیمانے پر جوہری مشقوں کا اعلان کیا تھا اور صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کے قومی مفادات کے تحفظ کا عہد کیا جسے وہ مغربی خطرات کی گھیراؤ کے طور پر دیکھتے ہیں۔البتہ فوری طور پر تشویش مشرقی یوکرین پر مرکوز رہی کیونکہ لوہانسک اور ڈونیٹسک کے علاقوں میں ماسکو نواز باغیوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے شہریوں کو روس منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔یہ اعلان روس کے حملے کے بارے میں مغربی انتباہات کا مقابلہ کرنے اور اس کے بجائے یوکرین کو جارح کے طور پر دکھانے کی ماسکو کی کوششوں کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ ڈونیٹسک کی باغی حکومت کے سربراہ ڈینس پوشیلین نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو پہلے وہاں سے نکالا جائے گا اور روس نے ان کے لیے سہولیات تیار کر رکھی ہیں۔انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی علاقے میں ایک فوری حملے کا حکم دینے جا رہے ہیں۔