سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے امیر المومنین حضرت علی ؑکے یوم ضربت کے سلسلے میں فرزندان اسلام کی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی سربلندی اور دنیائے انسانیت کی امن و سلامتی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک جیسے عظمت و برکت والے مہینے میںامام علی ؑ کی ضربت کا واقعہ اسلامی تاریخ کا انتہائی دلخراش سانحہ ہے، اس سانحہ کے بعد امت مسلمہ کوطرح طرح کے مشکلات اور انتشارات کا سامنا کرنا پڑا اور اسلام کی تبلیغ و تشہیر کا مشن بھی متاثر ہوا ۔آغا حسن نے کہا کہ عالمی وبا کی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے انجمن کے اہتمام سے اس سال بھی یوم شہادت امیر المومنین ؑ کے سلسلے میں کسی بھی جگہ کوئی مجلس عزاء منعقد نہیں ہوگی اور نہ شب ہائے قدر کے مواقع پر شب بیداری کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال مدنظر رکھ کر اپنے گھروں میں ہی عبادات انجام دیں اور احتیاتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں ۔ادھر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے یوم ضربت پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امت مسلمہ کو اپنا وقار قائم کرنے کیلئے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی طرز زندگی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت علی ؑ نے اپنی زندگی کو سیرت رسولؐ کا عملی نمونہ بنا کر پیش کیا۔مولانا قمی کے مطابق آج امت مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف اور اپنے اسلاف کے طرز عمل سے دوری ہے۔