عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر چیکنگ اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دیں ہیں۔پولیس نے بتایا کہ قاضی گنڈ سے سرینگر تک تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ” مجموعی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، پولیس کے سینئر افسران ذاتی طور پر سیکورٹی کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یوم جمہوریہ کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے”۔قومی شاہراہ پر ادہم پور، رام بن،بانہال اور قاضی گنڈ کے علاوہ سرینگر تک پوری شاہراہ پر سیکورٹی ناکے لگائے گئے ہیںاور اچانک تلاشیاں لی جارہی ہیں۔بعض مقامات پر گاڑیوں کی سرپرائز چیکنگ کی جاری ہے اور اسی طرح کی کارروائی ضلع صدر مقامات میں بھی کی جارہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کے موقعہ پر اس طرح کی متحرک مہم پہلی بار نہیں چلائی جارہی ہے بلکہ ایسے موقعوں پر ایسا ہر سال کیا جاتا ہے تاکہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کیساتھ سر انجام دی جاسکیں۔