عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے جمعہ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے پاس خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، جبکہ مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کی وجہ سے ہونے والی رکاوٹوں کے باوجود ایل این جی اور ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایک مشترکہ بین وزارتی بریفنگ میں بات کرتے ہوئے، سجاتا شرما، جوائنٹ سکریٹری (مارکیٹنگ اور آئل ریفائنری)نے کہا کہ ملک اس وقت خام تیل کی مناسب ذخیرہ اندوزی کر رہا ہے، جس میں ایندھن کی سپلائی اگلے دو ماہ کے لیے محفوظ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفائنریز پوری یا اس سے زیادہ صلاحیت پر کام کر رہی ہیں، اور گھریلو ایل پی جی کی پیداوار میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عالمی تنا ئو کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ خام تیل، ایل پی جی اور ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، حکومت نے صورتحال کو مثبت طریقے سے سنبھالنے اور گھریلو سپلائی میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے متعدد کیلیبریٹڈ اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا”جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، ہم اس وقت جنگ جیسی صورتحال سے دوچار ہیں اور مشرق وسطی میں جاری تنازعات کی وجہ سے ہماری سپلائی متاثر ہوئی ہے، خام تیل، ایل پی جی، اور ایل این جی سبھی متاثر ہوئے ہیں، بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، تاہم، حکومت ہند نے متعدد سطحوں پر کئی اہم فیصلے کیے ہیں، اگلے دو مہینوں کے لیے سپلائی پہلے ہی محفوظ ہو چکی ہے اور ایل پی جی اور پی این جی کے حوالے سے بھی ہماری ریفائنریز 100 فیصد یا اس سے زیادہ صلاحیت پر کام کر رہی ہیں، اور گھریلو ایل پی جی کی پیداوار میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے‘‘۔سجاتا شرما نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمدات پر ہندوستان کے بھاری انحصار کو دیکھتے ہوئے جن میں سے تقریباً 90 فیصد آبنائے ہرمز سے گزرے تھے ،حکومت نے گھریلو صارفین کو ترجیح دی۔ کمرشل ایل پی جی کی سپلائی کو عارضی طور پر کم کیا گیا اور بعد میں مرحلہ وار بحال کیا گیا، آہستہ آہستہ 20 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد ہو گیا۔شرما نے بتایا کہ ان کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، 14 مارچ سے اب تک تقریباً 30,000 ٹن کمرشل ایل پی جی فراہم کی جا چکی ہے۔ ریستوران، ہوٹل، صنعتی کینٹین، مزدوروں اور اہم شعبوں جیسے سٹیل، آٹوموبائل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور پلاسٹک کو ترجیح دی گئی ہے۔ مزید برآں، تقریباً 30,000 چھوٹے 5 کلو کے سلنڈر مہاجر مزدوروں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔