دوبئی// ہندستان چنئی میں منگل کو پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 227رن کی شکست کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فہرست میں پہلے سے چوتھے مقام پر کھسک گیا ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم چوتھے سے پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے ۔چنئی ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ 70.2 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، نیوزی لینڈ 70.0فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، آسٹریلیا 69.2فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ہندستان 68.3فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سیریز پوری ہوچکی ہے اور اس نے جون میں لارڈس میں ہونے والے فائنل میں جگہ بنالی ہے کیونکہ اس کی حالت میں اب کوئی تبدیلی نہیں آنی ہے ۔ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہندستان کو فائنل میں جگہ بنانے کے لئے چار میچوں کی یہ سیریز 1-2یا 3-1کے فرق سے جیتنی ہے جبکہ انگلینڈ کو 3-1, 3-0یا 4-0سے جیت حاصل کرنی ہے ۔آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کا اپنا دورہ ملتوی کردیا تھا اور وہ اب تیسرے نمبر پر ہے ۔ آسٹریلیا کی امیدیں ہندستان۔ انگلینڈ سیریز کے نتیجہ پر ٹکی ہیں اور اس سیریز کا ڈرا ہونا ہی اسے فائنل میں پہنچا سکتا ہے ۔