سنچورین/تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کے تین تین وکٹ، محمد سراج اور آف اسپنر روی چندرن اشون کے دو دو وکٹ کی بدولت ہندوستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔ جمعرات کو 113 رن سے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سنچورین میں ہندوستانی ٹیم نے تاریخ رقم کردی۔ وہ اس گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کو شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں 174 رن بنائے اور میزبان ٹیم کے سامنے 305 رن کا انتہائی مشکل ہدف رکھا۔ ہندوستان نے پہلی اننگ میں 327 رن بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کو 197 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلی اننگ میں 130 رن کی اہم سبقت حاصل کر لی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اسٹمپ تک چار وکٹ پر 94 رن بنائے اور آخری دن لنچ تک اس نے اپنا اسکور سات وکٹوں پر 182 رن تک پہنچا دیا۔ لیکن لنچ کے بعد ان کی دوسری اننگ 191 رنز پر سمٹ گئی۔کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز اور کپتان ڈین ایلگر نے اپنی اننگ کو 52 رن تک بڑھایا۔ ایلگر نے کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 36 رن جوڑے ۔ جسپریت بمراہ نے ایلگر سے پہلے پویلین لوٹا کر ہندوستان کو اہم کامیابی دلائی۔ ایلگر نے 156 گیندوں پر 77 رن میں 12 چوکے لگائے ۔ڈی کاک نے تیمبا باوُما کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 31 رن کی شراکت داری کی۔ محمد سراج نے ڈی کاک کو بولڈ کرکے اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ ڈی کاک نے 28 گیندوں پر 21 رن میں دو چوکے لگائے ۔ محمد سمیع نے ویان مولڈر کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کر جنوبی افریقہ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ مولڈر نے ایک رن بنایا اور ان کی وکٹ 164 کے سکور پر گرگئی۔ اس کے بعد باوُما نے مارکو یانسن کے ساتھ لنچ تک ٹیم کے اسکور کو 182 تک پہنچا دیا۔ لنچ کے وقت باوُما 78 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے اور یانسن نے پانچ رن بنا کر کریز پر تھے ۔لنچ کے بعد نو رن کا جوڑ کرمیزبان ٹیم کی تین وکٹیں گر گئیں۔ سمیع نے یانسن کو پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ یانسن نے 14 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 13 رن بنائے ۔ اشون نے کَیگیسو ربادا اور لُنگی اینگِڈی کو مسلسل گیندوں میں صفر پر آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی اننگ کو 191 رن پر سمیٹ دیا۔ باوُما 80 گیندوں پر 35 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے 50 رن پر تین وکٹ اور سمیع نے 63 رن پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ سراج نے 47 رن پر دو وکٹ اور اشون نے 18 رن پر دو وکٹ لیے ۔(یو این آئی)