ممبئی//ہندوستان بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے 2023 اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ہندوستان نے ہفتہ کے روز بیجنگ میں منعقدہ 139ویں آئی او سی سیشن میں ورچوئل طور پر حصہ لیتے ہوئے 2023 آئی او سی سیشن کی میزبانی کے لئے بولی جیتی ہے ۔ آئی او سی کی رکن نیتا امبانی، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) کے صدر ڈاکٹر نریندر بترا، مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر اور ہندوستان کے پہلے انفرادی اولمپک گولڈ میڈلسٹ (بیجنگ 2008، شوٹنگ) ابھینو بندرا پر مشتمل ہندوستانی وفد نے آئی او سی کے دوران ورچوئل طریقہ سے آئی او سی اراکین کے سامنے بولی لگائی اور ہندوستان کو 2023 میں ہونے والے آئی او سی سیشن کی میزبانی کے لئے 76 میں سے 75 ووٹ ملے ۔2023 کا سیشن ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ آئی او سی کا اجلاس چار دہائیوں کے بعد ہندوستان میں ہوگا۔ آخری مرتبہ 1983 میں انعقاد ہوا تھا۔ بھاری اکثریت سے میزبانی کے حقوق حاصل کرنے کے بعد، آئی او سی کی رکن اور ریلائنس فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن نیتا امبانی نے اسے ہندوستان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔ہندوستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ، نیتا امبانی نے ہندوستان میں منعقد ہونے والے آئی او سی کے آئندہ اجلاس کی پرزور وکالت کی۔ انہوں نے آئی او سی کے اراکین سے کہا، ''ہمارا خواب ہے کہ مستقبل میں اولمپک کھیلوں کو ہندوستان میں لایا جائے ۔ میں 2023 میں ممبئی میں آئی او سی سیشن کی میزبانی کا اعزاز ہندوستان کو سونپنے پر آئی او سی کی شکر گزار ہوں۔ نریندر بترا نے ایک بیان میں کہا، ‘‘میں نیتا امبانی کے وژن اور قیادت کے لیے اور اپنے سبھی آئی او سی ساتھیوں کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اگلے سال ممبئی میں آپ کا انتظار رہے گا۔ یہ ہندوستان کے کھیل کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔یواین آئی