بڈگام+بانڈی پورہ// ہمہامہ بڈگام میں ٹرین کی زد میں آکر بانڈی پورہ کا ایک سی آر پی ایف اہلکار لقمہ اجل بن گیا جبکہ بانڈی پورہ میں ٹریکٹر الٹنے سے 7سالہ بچی سمیت 2افراد کی موت واقع ہوئی۔ ریلوے برج ہمہامہ میں تعینات سی آر پی ایف 35بٹالین Gکمپنی سے وابستہ43سالہ محمد اسماعیل میر ساکن بانڈی پورہ دوران ڈیوٹی ٹرین کے گذرنے کا اندازہ نہیں لگا سکے اور تیز رفتار ٹرین نے اسے ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اگرچہ مذکورہ سی آر پی ایف اہلکار کو صدر ہسپتال سرینگر لایاگیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا۔ادھر بڑیاری اشٹنگو میں ٹریکٹر پل کے قریب پہنچتے ہی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوا اورالٹ کر پل سے نیچے زینہ گیر نہر میں گرگیا ۔اس موقعہ پر ٹریکٹر پر سوار 18سالہ زبیر فاروق ولد فاروق احمد عمر اور 8سالہ تبسم جان دختر غلام محمد گنائی ساکنان اشٹنگو پانی نہر میں ڈوب گئے۔اگر چہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے یہاں پہنچ کر بچائو کارروائی بھی کی لیکن وہ دونوں کو نہیں بچا سکے۔بعد میں کمسن بچی اور جواں سال لڑکے کو ٹریکٹر کے نیچے پانی سے نکالا گیا اور لاشین ورثاء کے حوالے کی گئیں۔اس واقعہ میں ایک لڑکی کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم اسکی حالت مستحکم ہے۔