ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم محکمہ کا کلینڈرجاری کیا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلی عمر عبداللہ نے ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم محکمہ کا کلینڈر 2026جاری کیا، جو کشمیر کی قدیم اور لازوال دستکاری روایتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ کلینڈر ان کاریگروں کے نام ایک خراج ہے جو کشمیر کی روح کو بننے، تراشنے اور رنگ دینے کا ہنر رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاریگروں کے ہاتھ صدیوں پرانی روایتوں کو آگے بڑھاتے ہیں اور خام مواد کو ایسے شاہکاروں میں ڈھالتے ہیں جو وادی کی ثقافتی شناخت، حوصلے اور ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا’’ ہمارے کاریگر محض فن تخلیق کرنے والے نہیں بلکہ کشمیر کی لازوال وراثت کے زندہ سفیر ہیں‘‘۔تقریب میں وزیراعلی کے مشیر ناصر اسلم وانی، ڈائریکٹر ہینڈلوم و دستکاری کشمیر مسرت اسلام، جوائنٹ ڈائریکٹر دستکاری دیبا خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر دستکاری مرزا شاہد علی اور دیگر اعلی افسران موجود تھے۔کلینڈر2026میں کشمیر کی روایتی دستکاریوں کی شاندار جھلک پیش کی گئی ہے، جن میں نمدا، کانی شال، پیپر ماشیہ، لکڑی کا کام، سوزنی کڑھائی، قالین بافی، واگوو اور تانبے کے برتن شامل ہیں۔ کیلنڈر کا ہر صفحہ نسل در نسل منتقل ہونے والے ہنر اور فن کی کہانی بیان کرتا ہے۔